زرعی شعبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں ’’خادم پنجاب کسان پیکیج‘ ً‘کاکلیدی کردار ہے،ملک رشیداحمدخاں

منگل 1 مئی 2018 15:30

قصور۔یکم مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک رشیداحمدخاں نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کے ’’خادم پنجاب کسان پیکیج‘ ً‘کاکلیدی کردار ہے اس تاریخ ساز کسان پیکیج کے تحت حکومت پنجاب نے بے حدقلیل مدت میں 80 ارب روپے کے بلاسودقرضہ جات تقریباً2لاکھ سے زائد رجسٹرڈ کاشتکاروں کو فراہم کئے ہیں اور اسکے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی پیداو اری لاگت میں کمی کیلئے کھادوں پر سبسڈی بھی فراہم کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے ڈیرہ فتح پورمیں کاشتکاروںاورکسانوں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کسان دوست اقدامات سے زرعی بڑھوتری کی شرح 0.27فیصدسے بڑھ کر3.46فیصدتک جا پہنچی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کی خوشحالی سے ہی ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا اورپاکستان ترقی کی منازل طے کرپائے گا‘حکومت کاشتکاروں اور کسانوں کو ریلیف پہنچانے کیلئے اقدامات کررہی ہے جن کے ثمرات سے کاشتکار اورکسان مستفیدہورہے ہیں۔