رائے ونڈ میں لوڈ شیڈنگ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا

آدھ گھنٹے کے بعد دو گھنٹے بجلی بند ہونے سے شہری بلبلا اٹھے ،بجلی کی بندش سے شہری بیمار ہونے لگے

منگل 1 مئی 2018 17:25

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) رائے ونڈ میں لوڈ شیڈنگ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ،آدھ گھنٹے کے بعد دو گھنٹے بجلی بند ہونے سے شہری بلبلا اٹھے ،گرمی کی شدت میں اضافہ اور بجلی کی بندش سے شہری بیمار ہونے لگے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے کاروبارٹھپ ہو کر رہ گیا ہے شہری آدھ گھنٹے کے بعد دو گھنٹے بجلی بند ہونے پر سراپا احتجاج ہیں شہریوں نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف اور شہباز شریف نے عوام کیساتھ دھوکہ کیا ہے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ جاتی امرامحل میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے 3سورس موجود ہیں جہاں ایک منٹ کیلئے بھی بجلی بند نہیں ہوتی رائے ونڈ شہر میں بجلی آتی نہیں ہے شہریوں نے مزید کہا کہ رائے ونڈ کے شہری شریف خاندان کے پڑوسی ہیں لیکن پڑوسی بھی ان سے تنگ آچکے ہیں جنہیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی تو دور کی بات انہیں گرمی میں بجلی کی فراہمی میں یقینی نہیں بنائی جاسکی شہریوں نے شریف خاندان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کے ایام میں قوم سے کئے گئے تمام وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں اگر سسٹم میں بجلی موجود ہوتو لوڈ شیڈنگ کیوں کی جارہی ہے شہریوں نے کہا کہ رائے ونڈ میں متعدد پاور ہائوس موجود ہونے کے باجود رائے ونڈ شہر اور صنعتی علاقوں کو بجلی سے محروم رکھا جارہا ہے شہریوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رائے ونڈ شہر میں بجلی کی فراہمی کو ہنگامی بنیادوں پر ممکن بنایا جائے ۔