پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، اضافے کوواپس لیاجائے‘میاں مقصود احمد

رمضان المبارک کے قریب آتے ہی زخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور سرگرم ہوجاتے ہیں‘امیرجماعت اسلامی پنجاب

منگل 1 مئی 2018 19:54

پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، اضافے کوواپس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ حکمرانوں نے بجٹ دھماکے بعد عوام پر پٹرولیم بم گرادیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے نام نہاد عوامی نمائندوں کوغریب عوام کی مشکلات کا ادراک ہی نہیں،وہ محض اقتدارسے لطف اندوزہورہے ہیں۔

2018کے انتخابات موجودہ حکمرانو ں کے لیے ایک ڈرائوناخواب ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔اشیاء ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسمان کو چھو رہی ہیں۔دن بدن بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے اشیاء ضروریہ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں ایک طرف بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ دوسری جانب حکومت کی عوام کش ظالمانہ پالیسیوں نے کسر پوری کردی ہے۔

روزگارنہ ملنے کی وجہ سے مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کاراج ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کوپہلے ہی کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیاجانے والا اضافہ فی الفور واپس لیاجائے۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ۔ ماہ صیام میں دنیا بھر کی حکومتیں مسلمانوں کو ہرلحاظ سے ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں کرتی ہیں مگر لاالٰہ الااللہ کے نام پربننے والے ملک میں خوب لوٹ مار کی جاتی ہے۔

رمضان المبارک کے قریب آتے ہی ناجائزمنافع خور،گرانفروش اور ذخیرہ اندوز حکومتی نمائندوں کی ملی بھگت سے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے لیے پوری طرح سرگرم ہوجاتے ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کی بدولت غریب عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتاچلاجارہا ہے اور ان کاکوئی پرسان حال نہیں۔حکمرانوں کے اللوں تللوں اور شاہانہ اخراجات پر قابوپالیاجائے تو سالانہ بڑی رقم کوبچایاجاسکتاہے جسے عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کرکے ان کامعیار زندگی بہترکیاجاسکتا ہے۔