پولیو ویکسین سے بچوں کی ہلاکت صحت کے انصاف پر سوالیہ نشان ہے، ہارون بشیر بلور

واقعے کی تحقیقات کر کے قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے ،حکومت کی نااہلی اور غیر سنجیدگی کی وجہ سے پانچ سال تک لوگوں کی جانیں جاتی رہیں

منگل 1 مئی 2018 20:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے پشاور میں پولیو ویکسین کے باعث تین معصوم بچوں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور غیر سنجیدگی کی وجہ سے پانچ سال تک لوگوں کی جانیں جاتی رہیں اور ہر سال معصوم بچے مختلف خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو کر جاں بحق ہوتے رہے انہوں نے کہا کہ صحت کا نظام مکمل تباہ ہو چکا ہے اور معصوم جانوں کی قیمت پر سیاست کی جا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین کی صورت میں بچوں کو زہر دیا جا رہا ہے اور افسوسناک امر یہ ہے کہ صوبائی حکومت نے دوسرے شعبوں کی طرح صحت کو بھی اپنی روایتی تنگ نظر ی کی بھینٹ چڑھا دیا ہے جسکا واضح ثبوت صوبے میں 1185شیر خوار بچوں کی اموات ہیں جو صحت کی بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہوتے ہی انتقال کر گئے اور ایسا اس ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ان اموات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ اس پر حکومت کی خاموشی اور غفلت سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ صوبائی حکومت کو صوبے کے عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔