آئندہ چند روز کے دوران پھٹی کے مزید ایڈوانس سودے طے پانے کے امکانات ہیں،احسان الحق

بدھ 2 مئی 2018 17:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) کپاس کی نئی فصل کے ایڈوانس سودے شروع،کاٹن ایئر2018.19ء کی پھٹی کی پہلی ایڈوانس ڈیل گزشتہ روز سندھ کے شہر ٹنڈو اللہ یار میں طے پائی جہاں 18تا20جون2018ء ڈیلوری کی بنیاد پر پھٹی کے پانچ ٹرکوں کو سودا3 ہزار615روپے فی چالیس کلو گرام طے پایا۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کے آئندہ چند روز کے دوران پھٹی کے مزید ایڈوانس سودے طے پانے کے امکانات ہیںانہوںنے بتایا کہ پھٹی کے ایڈوانس سودے زیادہ تر سندھ کے ساحلی شہروں میںکاشت ہونے والی پھٹی کی بنیاد پر کئے جا رہے ہیں جہاں باقی سندھ کے مقابلے میں پھٹی کی چنائی جلد شروع ہو جاتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ رواں سال نہری پانی کی شدید کمی کے باعث سندھ بھر میں کپاس کی بوائی متاثر ہونے سے کپاس کی چنائی میں بھی دو سے تین ہفتوں کی تاخیر متوقع ہے جس سے رواں سال جننگ سیزن بھی قدرے تاخیر سے شروع ہونے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں جو روائتی طور پر جون کے آخری ہفتے میں شروع ہوتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اگر چین نے امریکی روئی کی درآمد پر 25فیصد ڈیوٹی کا نفاذ جاری رکھا توبھارت سے متوقع طور پر بڑھتی ہوئی چینی روئی درآمدات کے باعث رواں برس پاکستان اور بھارت میں روئی اور پھٹی کی قیمتون میں تیزی کا رجحان غالب رہے گا۔