این ای ڈی یونیورسٹی میں صفائی مہم ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے 500کچرا بیگ تقسیم کئے گئے

بدھ 2 مئی 2018 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) نوجوان ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں صاف ستھرے ماحول کا شعور اجاگر کرنے اور شہریوں کو صفائی سے متعلق انکی ذمہ داریوں کی طرف مائل کرنے کے لئے نوجوان اپنے اپنے علاقوں میں مہم کا آغاز کریں۔ منیجنگ ڈائریکٹرسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، طحہٰ احمد فاروقی نے کہا کہ طلباء کو صفائی ستھرائی سے متعلق آگاہی کے لئے مہم کا حصّہ بننا چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق ایم ڈی، طحہٰ احمد فاروقی کی ہدایت پرڈائریکٹر آپریشن غلام عباس منگریو اور چائنیز کنٹریکٹرز کی نگرانی میں این ای ڈی یونیورسٹی میںصفائی ستھرائی اور کچرا اٹھانے کا کام جاری ہے مکینیکل سوئپنگ مشین،سائڈ لوڈرز، ڈمپراور سینیٹری ورکرز کی فورس تعینات کرکے یونیورسٹی کو مکمل صاف کرنے کا کام جاری ہے اس سلسلے میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے تین(3) بڑے کچرے کے کنٹینربھی یونیورسٹی میں رکھ دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی سربراہی میں طلباء نے پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جس پر--" صفائی نصف ایمان ہی" شکریہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ- " و دیگر صفائی سے متعلق جملے درج تھے۔ جبکہ ڈائریکٹر سروسز سید وصی الدین ، کنٹرولر طلباء افئیرزڈاکٹر علی حسن کے علاوہ طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر طلباء کو سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے 500 کچرا بیگ بھی فراہم کئے گئے جس میں طلباء نے بھی کچرا جمع کیا اور مہم کا حصہ بنے اس کے علاوہ اپنے اپنے علاقوں میں آگاہی فراہم کرنے کا بھی عزم کیا۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ یونیورسٹی کے نوجوانوں کو ہم تعلیم کے ساتھ ساتھ ایسی سرگرمیوں کی بھی تربیت دیتے ہیں اور مہمات کا حصہ بناتے ہیں جس سے نہ صرف انکی شخصیت ابھر کر سامنے آتی ہے بلکہ وہ معاشرے کی ترقی کا بھی حصہ بنتے ہیں۔ انہوں نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہا نی کرائی۔

متعلقہ عنوان :