ٹھٹھہ ،مختلف حادثات میں8 افراد جاں بحق اور50 سے زائد زخمی

بدھ 2 مئی 2018 20:12

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) ٹھٹھہ کے قریب مختلف حادثات میں8 افراد جاں بحق اور50 سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مکلی میں واقع مشہور بزرگ حضرت عبداللہ شاہ اصحابی کے سالانہ عرس میں شرکت کے لیے کراچی اور حیدرآباد سے ہزاروں نوجوان موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر پہنچے تھے اور میلہ میں شرکت کے بعد منچلے نوجوان موٹر سائیکلوں کو ہوا میں اڑاتے ہوئے پکنک منانے کے لیے کینجھر جھیل جاتے ہوئے مختلف حادثات سے دوچار ہوگئے، چلیا کے مقام پر موٹر سائیکل اور ہائی روف میں تصادم کے نتیجے میں اورنگی ٹاؤن اسلام چوک کراچی کے رہائشی تین نوجوان احتشام، شایان اور رضوان موقع پر جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونیوالوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں جبکہ چھتو چند اور اٹک پمپ کے مقام پر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان جنید اور شہباز تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل الٹنے سے جاں بحق ہوگئے، تیسرا حادثہ پٹھان کالونی کے قریب پیش آیا، تیز رفتار موٹر سائیکل اور سوزوکی میں تصادم کے نتیجہ میں میر محمد جت اور ظہیر خان جاں بحق ہوگئے جبکہ دھابیجی کے مقام پر تیز رفتار موٹر سائیکل پل سے ٹکرانے کے نتیجہ میں اسد نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا، جبکہ اونگر کے قریب زائرین سے بھری تیز رفتار پک اپ الٹنے کے نتیجہ میں بیس زائرین زخمی ہوگئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، زائرین مکلی سے واپس حیدرآباد جا رہے تھے جبکہ کراچی سے ٹھٹھہ آنیوالی ایک درجن سے زائد موٹر سائیکلیں سلپ ہونے کے نتیجہ میں تیس زخمیوں کو سول اسپتال مکلی لایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دے کر روانہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

یوم مئی کی تعطیل اور مکلی میں واقع مشہور بزرگ حضرت عبداللہ شاہ اصحابی کے سالانہ عرس کی تقریب میں شرکت کے لیے کراچی، حیدرآباد سمیت دیگر شہروں سے آنیوالی چھوٹی بڑی گاڑیوں سے مبینہ بھتہ وصولی کے لیے مختلف مقامات پر پولیس موبائل اور ٹریفک اہلکار مصروف عمل نظر آرہے تھے لیکن قانون کی عملداری کرانے کے لیے کوئی موجود نہیں تھا جس کے نتیجہ میں کئی قیمتی جانیں ضایع ہوگئی ہیں جبکہ مزار جانیوالوں سے مقامی افراد نے بھی ٹول ٹیکس کے نام پر لاکھوں روپے بٹور لیے۔#