کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جما کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات

باہمی تجارت بڑھانے ، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال

بدھ 2 مئی 2018 21:45

کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جما کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جمانے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ،علاقائی و بین الاقوامی امور سمیت دو طرفہ تجارت کو مزید بڑھانے ،دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق یکم مئی کو ہونیوالی ملاقات میں کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو زراعت،فارماسیوٹیکلز،یوتھ ڈویلپمنٹ اور دفاعی تعاون جیسے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں کام کرناچاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید آگے لے جانے کیلئے تعاون پر مبنی معاہدوں کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری خارجہ کو مشرقی افریقی خطے میں سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں بریف کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کینیا کی وزیر خارجہ کو ہمسایہ ممالک کیساتھ تعلقات اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے متعلق بریف کیا۔وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جما کینیا کے صدر کی خصوصی ایلچی کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔قبل ازیں انہوں نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور انہیں کینیا کے صدر کی جانب سے کینیا کا دورہ کرنے کا دعوت نامہ پہنچایا۔