پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مزید فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے‘شہبازشریف

ایران اور پاکستان کو ایک دوسرے پر اعتماد کے تعلق کو نبھانا ہے، پاک ایران تجارت کیلئے بے شمار مواقع موجود ہیں‘ایرانی سفیر

بدھ 2 مئی 2018 21:28

پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مزید فروغ وقت کی اہم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے ملاقات کی ،جس میں عالمی سیاسی صورتحال، امت مسلمہ کو درپیش مسائل اوردو طرفہ تعاون کے امکانات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ایران کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملاقات ہمیشہ کی طرح باعث مسرت ہے۔پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مزید فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایران نہ صرف پاکستان کا پڑوسی ملک ہے بلکہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات محبت کے رشتے میں گندھے ہیں اور حالات کیسے بھی ہوں، پاک ایران تعلقات کا گراف کسی بھی صورت نیچے نہیں آنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خطے کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کو ایک دوسرے پر اعتماد کے تعلق کو نبھانا ہے۔ پاک ایران تجارت کیلئے بے شمار مواقع موجود ہیں اور باہمی تعاون کو فروغ دے کر تجارت کے حجم کو بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کڑے حالات سے گزر رہی ہے۔سازشوں کا مل جل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ملاقات میں لاہور میں ایران کے قونصل جنرل ماجد سعدے گی دولت آبادی، پولیٹیکل قونصلر محمود بلادی، اکنامک سیکرٹری محسن فتح ابار، اکنامک قونصلر مہدی ابے دینی ، خواجہ احمد حسان اور دیگر موجود تھے۔