ناصر جوئیہ نے ہمیشہ صحافتی اقدار کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کیا، صدر سرگودھا پریس کلب

بدھ 2 مئی 2018 23:34

سرگودھا۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) ناصر جوئیہ نڈر صحافی اور دوستوں کے دوست تھے جنہوں نے ہمیشہ صحافتی اقدار کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کیا، ان کی وفات صحافتی حلقوں کیلئے بڑا سانحہ ہے، ان خیالات کا اظہار صدر سرگودھا پریس کلب مہر آصف حنیف‘ صدر یونین آف جرنلسٹ رانا ساجد اقبال‘ گروپ لیڈر ناصر قریشی‘ جنرل سیکرٹری شہاب خان‘ چوہدری عبدالوہاب‘ خالد اصغر شیخ‘ رائو عابد مجید سمیت دیگر نے یونین آف جرنلسٹ کے زیر اہتمام ناصر جوئیہ کی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ناصر جوئیہ انتہائی ملنسار‘ مخلص دوست تھے اور انہوں نے یونین آف جرنلسٹ کو فعال بنانے میں اپنا نمایاں کردار ادا کیا اور اپنی آخری سانسوں تک وہ یونین آف جرنلسٹ سے نہ صرف منسلک رہے بلکہ صحافی دوستوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھی ہمیشہ کوشاں رہے ،مقررین نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم اپنے دوستوں کو ہمیشہ یاد رکھیں، آج ناصر جوئیہ ہم میں نہیں ہیں ،کل نہ جانے ہم میں سے کون بچھڑ جائے اس لئے ہمیں آپس کے لڑائی جھگڑوں سے اجتناب کرتے ہوئے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا چاہئے۔