سپریم کورٹ میں شکر پڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے حوالے سے کیس کی سماعت‘ درختوں کی کٹائی روکنے کا حکم

بدھ 2 مئی 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے شکر پڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے حوالے سے کیس میں وہاں درختوں کی کٹائی روکنے کا حکم دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی ، چیئرمین سی ڈی اے اور سیکرٹری کیڈ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ہے اور کہا ہے کہ شکر پڑیاں میں درخت نہ کاٹے جائیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے شکرپڑیاں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی، اس موقع پر درخواست گزار سابق بیوروکریٹ روئیداد خان نے پیش ہوکرموقف اپنایا کہ شکرپڑیاں جنگل میں کثیر تعداد میں مختلف اداروں کے دفاتر قائم کردئیے گئے ہیں جو نیشنل پارک سے متعلق پالیسی قوانین کی سراسر خلاف ورزی میں شمار ہوتا ہے ، جس پرجسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ 35 ایکڑ رقبہ اسٹیڈیم بنانے کیلئے مختص کیا جارہا ہے، بعدازاں عدالت نے اسٹیڈیم کی تعمیر روکنے کا حکم دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی ، چیئرمین سی ڈی اے اورسیکرٹری کیڈ کوطلب کرتے ہوئے وزارت ماحولیات سے بھی جواب طلب کرلیا اورمزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی ہے۔