اپریل کے دوران گندم کی برآمدات کا حجم ریکارڈ 3لاکھ ٹن سے تجاوز کرگیا

جمعرات 3 مئی 2018 10:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) اپریل 2018ء کے دوران گندم کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ سے برآمدات کا حجم 3لاکھ ٹن سے تجاوز کرگیا ہے جو ملکی تاریخ میں ایک ماہ کے دوران کی جانے والی گندم کی سب سے زیادہ برآمدات مہیں۔ وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت پاکستان ( ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے برآمدات کے چیئرمین محمود مولوی نے کہا ہے کہ حکومت نے رواں مالی سال کے اختتام تک سمندر کے ذریعہ گندم کا برآمدی ہدف1.4 ملین ٹن حاصل کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

برآمد کنندگان کے اقدامات سے مارچ2018ء کے دوران سمندری راستے سے 2 لاکھ 41 ہزار522 میٹرک ٹن گندم برآمد کی گئی ہے جس کی مالیت 47 ملین ڈالر سے زائد رہی ہے جبکہ اپریل کے دوران برآمدات تین لاکھ ٹن سے تجاوز کرگئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دسمبر 2017ء میں حکومت نے گندم اور اس کی مصنوعات کی برآمدات کیلئے 23 ملین ٹن کا ہدف مقرر کیا تھا تاکہ ملک میں موجود گندم کے اضافی ذخیرہ کو برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مئی2018ء کے آخرتک 1.4 ملین ٹن گندم کا برآمدی ہدف حاصل کرلیا جائے گا جو ملکی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ویتنام ، دبئی اورعمان سمیت مختلف ممالک کو گندم برآمد کی جارہی ہے۔