پاک بحریہ نے مینگرووز اگائو مہم برائے سال 2018کا آغاز کردیا

جمعرات 3 مئی 2018 19:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) پاک بحریہ نے حکومت پاکستان کے ’سر سبز پاکستان وژن‘ کے مطابق مینگرووز اگائو مہم برائے سال 2018کا آغاز کردیا ہے۔ امسال یہ مہم اس سلسلے کی تیسری مہم ہے جس میںسندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آئندہ ایک سال کے دوران تقریبا 20لاکھ مینگرووز کے پودے لگائے جائیں گے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شاہ بندر میں بحیثیت مہمان خصوصی پاک بحریہ کی مینگرووز اگائو مہم کا افتتاح کیا۔

مینگرووز ساحلی ایکوسسٹم، سمندر کے تباہ کن اثرات کو روکنے اور سمندری حیات کے بقا ء کے لیے نہایت اہم ہیں۔ مگر قدرت کا یہ انمول تحفہ گھریلو استعمال کی ضروریات اور معاشی ترقی کے باعث ختم ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

سمندری حیات کی بقاء کے لئے مینگرووز کی اہمیت سے آگاہ ہونے اور میری ٹائم سیکٹر کے اہم اسٹیک ہولڈر کے طور پر پاک بحریہ نے پوری ساحلی پٹی پر مینگرووز کے جنگلات کو پھر سے اگانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

ماحول کو سرسبز بنانے کی مہم کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ نے میری ٹائم اکانومی کی آگاہی مہم کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف نے اس بات پر زور دیا کہ مینگرووز کے جنگلات ختم ہونے سے نہ صرف ہمارے ساحلی علاقوں کی سمندری حیات متاثر ہوئی ہے بلکہ ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کے ذریعہ معاش پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

ان حالات میں معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے اس مسئلے پر بھر پور توجہ اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس تناظر میں پاک بحریہ مینگرووز ااگائو مہم ایک ایسی کاوش ہے جس کا مقصد مینگرووز پودے اگانے کے ساتھ ساتھ عوام الناس میں اس کی اہمیت کا شعور اجاگر کرنا بھی ہے ، تاکہ قدرتی ماحول کو محفوظ بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2016سے پاک بحریہ نے شاہ بندر سے جیونی تک کی ساحلی پٹی پر 20لاکھ سے زیادہ مینگرووز اگائے ہیں۔

نیول چیف نے صوبائی اور وفاقی محکموں سمیت تمام متعلقہ اداروں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ اس ضمن میں اپنا اپنا کردار ادا کریں اور میرین ایکولوجی کو بچانے کی اس کاوش میں پاک بحریہ کا ساتھ دیں۔ مہم کی افتتاحی تقریب میں فوجی اور سول حکام کی بڑی تعداد بشمول وفاقی اور صوبائی اراکین اسمبلی، تاجربرادری کے نمائندگان، ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (WWF)ِ بین الاقوامی یونین برائے قدرتی بقاء (IUCN)ِفشر فوک سوسائٹی اور صوبہ سندھ کے محکمہ جنگلات کے افسران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے IUCNکے پاکستان کے نمائندے محمود اختر چیمہ نے کہا کہ مینگرووز جنگلات کی بحالی اور ترقی میں پاک بحریہ کا کردار غیر مثالی ہے۔ بعد ازیں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کریکس ایریاز میں قائم پاک بحریہ کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔