پاکستان میں انگریزی سیکھنے والے نوجوانو ں کیلئے سفارت خانے نے ایئر یونیورسٹی کے الحاق سے سیکھنے کا موقع فراہم کیا ہے، نائب امریکی سفیر جان ہوور

انگریزی زبان کی مہارتیں روزگار کے بہتر مواقع اور حصولِ تعلیم کے امکانات کی طرف گامزن کرتی ہیں اسلام آباد کے مضافات سے تعلق رکھنے والی100 نوجوانوں کو اب یہ موقع امریکی سفارتخانہ کی جانب سے ایئر یونیورسٹی میں شروع کیے گئے انگلش ’’ایکسیس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام ‘‘کی توسط سے میسر آئے گا،نئے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 3 مئی 2018 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) پاکستان میںتعینات امریکہ کے نائب سفیر جان ہوور نے کہا ہے کہ پاکستان میں انگریزی سیکھنے والے نوجوانو ں کیلئے سفارت خانے نے ایئر یونیورسٹی کے الحاق سے سیکھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انگریزی زبان کی مہارتیں روزگار کے بہتر مواقع اور حصولِ تعلیم کے امکانات کی طرف گامزن کرتی ہیں، اور اسلام آباد کے مضافات سے تعلق رکھنے والی100 نوجوانوں کو اب یہ موقع امریکی سفارتخانہ کی جانب سے ایئر یونیورسٹی میں شروع کیے گئے انگلش ’’ایکسیس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام ‘‘کی توسط سے میسر آئے گا۔

امریکی سفارتخانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن جان ہوور نے نئے پروگرام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر طالبعلموں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ اس موقع کو نئے خیالات کی تلاش اور ایک دوسرے سے سوالات پوچھنے کے لیے برو ئے کار لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ طالبعلم ایک دوسرے سے مقابلہ کریں کہ کون زیادہ محنت کرتا ہے ا ور منفرد انداز میں سوچیں پھر وہ یہ دیکھ کر حیران رہ جائیں گے کہ انہوں نے کیا کچھ سیکھ لیا ہے اور انکے لیے کون سے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

جان ہوور نے ایئر یونیورسٹی کے تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ کوایئر یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے اور سفارتخانہ پاکستان کی قیادت کرنے کے لیے اگلی نسل تیار کرنے والے ایئر یونیورسٹی کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔پاکستانی اور امریکی جامعات کی شراکت نے ہمارے اساتذہ اور طالبعلموں کے درمیان تعلیمی میدان میں تعاون کے جذبے میں نئی روح پھونکی ہے اور ہونہار طالبعلموں کی ایک اور کھیپ تیار دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔

ایئر یونیورسٹی کی ڈین فیکلٹی آف ہیومنٹیز ڈاکٹر وسیمہ شہزاد اور وفاقی نظامت تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل حسنات احمد قریشی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔’’ایکسیس مائیکرو اسکالرشپ پروگرام‘‘ پسماندہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو اسکول کے بعد دو سالہ بھرپور نشستوں کے ذریعے انگریزی زبان کی مہارتیں سیکھنے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

طالبعلم نہ صرف اپنی انگریزی کی مہارتوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ قیادت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بھی سیکھتے ہیں جو وہ پوری زندگی بروئے کار لاتے رہیں گے۔2004ء میں اس پروگرام کے آغاز سے اب تک78 ممالک میں 110,000 سے زائد طالبعلموں نے انگلش ایکسیس پروگرام میں شرکت کی ہے۔ 2002 سے اب تک،31000 سے زائد پاکستانی طالبعلموں نے 20 سے ز یادہ مقامات پر منعقد کیے گئے انگلش مائیکرواسکالرشپ ایکسس پروگرام میں شرکت کی ہے ۔ شمیم محمود