چار سالہ فائق ایک ماہ دودن سے لاپتہ ،یہ ایک فوجی کا بچہ ہے ، پولیس اس کو ڈھونڈنے کے لیے سنجیدگی سے کام نہیں لے رہی ، اعجازاحمد چوہدری

جمعرات 3 مئی 2018 23:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اعجازاحمد چوہدری نے مہر سلیم ایڈوکیٹ ، قیصر شیخ ،قصور سے اغواء ہو نے والے بچے فائق کی والدہ اور دادا کے ہمراہ چیئر مین سیکرٹریٹ آفس گارڈن ٹائون میں پر یس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چار سالہ فائق ایک ماہ دودن سے لاپتہ ہے اوریہ ایک فوجی کا بچہ ہے ، پولیس اس کو ڈھونڈنے کے لیے سنجیدگی سے کام نہیں لے رہی ،پولیس نے اب تک زبانی جمع خرچی کے سوا کچھ نہیں کیا ، بچے کا تعلق قصور سے ہے وہ گھر سے چیز لینے نکلا پھر واپس نہ آیا ، ویڈیو کلپ بھی موجود ہے جس میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے کو ساڑھے بارہ بجے دوافراد موٹر سائیکل پر بیٹھا کرلے جارہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ حکمرانو ں کو اپنے سیاہ کارناموں پر پردہ ڈالنے کے سواکوئی دوسرا کام نہیں ، صوبے میں جنگل کا قانون قائم ہے ، بچوں کے اغواء کے واقعات میں دن بہ دن خطرناک حد تک اضافہ ہو رہاہے جبکہ حکومت اور پولیس سوئی ہوئی ہے ،حکومت اور انتظامہ سے مطالبہ ہے کہ بچے کی تلاش کے لیے فی الفور کام شروع کیاجائے ، بچے کی ماں کا بر احال ہے کوئی پرسان حال نہیں چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس پر ازخود نوٹس لیں ۔

(جاری ہے)

فائق کی والدنازیہ نے کہاکہ میری سب سے درخواست ہے کہ میرے بچے کی بازیابی کے لیے سب میری مدد کریں ،وہ بہت چھوٹا ہے ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے ، میری اعلی حکام اور چیف جسٹس صاحب سے اپیل ہے کہ وہ میری مد د کریں ۔