وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس

پاکستان فزیکل تھراپی کونسل اور پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز و پیرا میڈیکس کونسل کے قیام کی اصولی منظوری دی

جمعرات 3 مئی 2018 23:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ کابینہ نے پاکستان فزیکل تھراپی کونسل اور پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز و پیرا میڈیکس کونسل کے قیام کی اصولی منظوری دی۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی برائے لیجیسلیٹیو کیسز (سی سی ایل سی) کے سامنے مسودہ قانون پیش کیا جائے۔

کابینہ کو حج پالیسی 2018ء اور قرعہ اندازی کے عمل پر پیش رفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ حج کے لئے قابل برداشت اور سہولیات سے مزین بہترین اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ کابینہ نے کیبنٹ کمیٹی برائے لیجیسلیٹیو کیسز کے 24 اپریل 2018ء کو ہونے والے اجلاس کی سفارشات، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 12 اپریل 2018ء کے اجلاس کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 23 اپریل 2018ء کو کراچی میں ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی۔

(جاری ہے)

کابینہ نے پروفیسر ڈاکٹر غزالہ صدیقی کی بطور ڈائریکٹر سینٹر آف ایکسی لینس میرین بیالوجی یونیورسٹی آف کراچی تقرری کی منظوری دی۔ کابینہ نے لاہور اور پشاور میں سپیشل کسٹمز ٹیکسیشن و اینٹی سمگلنگ کورٹس میں تعیناتی و بحالی کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے وزیر برائے آبی وسائل کو ہائیڈرل پاور پلانٹس کے کیس میں نیپرا کی جانب سے ٹیرف کے تعین کے حوالے سے نوٹیفکیشن کے اجراء کا اختیار دیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں پاکستان ایران انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئرمین یا ڈائریکٹر کی تقرری یا نامزدگی کے لئے بھی منظوری دی گئی۔ وزیر توانائی نے کابینہ کو ملک میں بجلی کی طلب و رسد کے بارے میں بریفنگ دی۔