صائمہ نور، شگفتہ اعجاز اورصبا قمر کل اپنی سالگرہ منائیں گی

جمعہ مئی 12:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) اداکارہ صائمہ نور اور شگفتہ اعجاز کل (ہفتہ ) اپنی 47ویں جبکہ اداکارہ صبا قمر 34ویں سالگرہ منائیں گی۔ فلمسٹار صائمہ نور 5مئی 1971ء کو ملتان میں پیدا ہوئیں۔ فلم انڈسٹری میں انہوں نے ابتداء سے لیکر ابھی تک بے شمار کامیاب فلمیں کی ہیں۔ صائمہ نور اور سلطان راہی(مرحوم)کی جوڑی فلم بینوں میں بڑی مقبول ہوئی اور اس کے ساتھ انہوں نے اپنے دور کے تمام ہیروز کے ساتھ فلموں میں ہیروئن کے طور پر کام کیا۔

ٹی وی کی اداکارہ شگفتہ اعجاز5مئی 1971 ء کو گجرات میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ شگفتہ اعجاز کے کریڈٹ پر بے شمار کامیاب ڈرامہ سیریل ہیں جس میں انہوں نے اپنی اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور آج بھی ٹی وی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھارہی ہیں جبکہ اداکارہ صبا قمر5مئی 1984 ء کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئیں۔

(جاری ہے)

ماڈلنگ سے اپنے کیریئر کا آغاز اور بعدازاں ٹی وی ڈراموں میں بے مثال اداکاری سے اپنی شناخت قائم کی۔ صبا قمر نے ٹی وی ڈراموں کے ساتھ پاکستانی اردو فلموں اور بالی ووڈ کی ایک فلم میں بھی اداکاری کی ہے انہوںنے بالی ووڈ میں بننے والی فلم ہندی میڈیم میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور ان کی فلم آج بھی چین کے سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے جبکہ صبا قمر کا شمار پاکستان کے ٹاپ اداکاروں میں ہوتاہے ۔