ارباب اختیار! خدارا کراچی کی سڑکیں ٹھیک کرادیں، مصطفی قریشی

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:29

ارباب اختیار! خدارا کراچی کی سڑکیں ٹھیک کرادیں، مصطفی قریشی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) پاکستان کے لیجنڈ فلم اسٹار مصطفی قریشی نے شہر قائد کے ارباب اختیار سے درخواست کی ہے کہ وہ خدارا کراچی کی سڑکیں ٹھیک کرادیں کیونکہ شہر کی سڑکیں خراب اور ٹوٹی پھوٹی ہونے کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہو گیا ہے اور لوگ زخمی ہو رہے ہیں وہ اپنے گھر کے باہر صبح کی واک کے دوران ٹوٹی سڑک میں پاں پھنس جانے اور فریکچر ہو جانے پر عیادت کے لیے آنے والے پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی اور صدر وسیع قریشی سے اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر سنئیر صحافی شمس کیریو ،شاہ فصیح الدین ،لکچمن،اختر علی اختر ،افصل ادھیا بھی موجود تھے فلم اسٹار مصطفی قریشی نے غیر رسمی بات چیت میں مزید کہا کہ چوٹ لگنے کے بعد مجھے اندازہ ہوا کہ اس شہر اور ملک کے لوگ مجھ سے کس قدر محبت کرتے ہیں میری عیادت کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے جبکہ فون پر بھی سیکڑوں لوگ خیریت معلوم کر رہے ہیں لاہور سے زیبا بیگم ،فلم اسٹار انجمن،غلام محی الدین سمیت دیگر شخصیات نے مجھے فون کر کے حوصلہ دلایا لندن سے اداکار محمود سلطان نے خیریت دریافت کی کراچی میں ہزاروں پرستار میری جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں جبکہ فلم اسٹار ندیم نے فون پر عیادت کی اور جلد گھر آنے کا کہا ہے ،مصطفی قریشی نے اس موقع پر کراچی کے میڈیا اور بالخصوص پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے مجھے جو خلوصِ اور اپنائیت دی ہے میں اس کو کبھی بھول نہیں سکوں گا ،مصطفی قریشی کا کہنا تھا کہ ہم لوگ تو گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں اس کے بعد بھی حادثے کا شکار ہو رہے ہیں اس شہر میں 80فیصد تعداد پیدل سفر کرنے والے افراد کی ہے ان کے تحفظ کے لیے ارباب اختیار سے درخواست ہے کہ وہ شہر کی سڑکیں ٹھیک کرادیں یہ اس حکومت کا شہر والوں پر ایک بڑا احسان ہوگا -