گزشتہ جولائی تک البغدادی کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا، البغدادی کے ایک مقرّب کا انکشاف

جمعہ 4 مئی 2018 14:48

بغداد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) عراق میں سپریم جوڈیشل کونسل نے اعلان کیا ہے کہ تحقیقات کی مرکزی عدالت نے داعش تنظیم کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے ایک قریبی ساتھی کے اعترافات ریکارڈ کر لئے ہیں ۔ کونسل کے سرکاری ترجمان بیرسٹر عبدالستار بیرقدار نے بتایا کہ داعش تنظیم سے تعلق رکھنے والے اس ملزم کا دعوی ہے کہ وہ گزشتہ جولائی تک البغدادی کے ساتھ مسلسل اور براہ راست ملاقاتیں کرتا رہا جس کا مطلب داعش تنظیم کا سربراہ ابھی تک زندہ ہے۔

(جاری ہے)

بیرقدار کے مطابق ملزم نے اپنے اعتراف میں بتایا کہ اس نے "داعش" کی نگرانی کرنے والی جنرل کمیٹی کے رکن سمیت کئی عہدوں پر کام کیا۔ بیرقدار نے بتایا کہ مذکورہ ملزم کی گرفتاری ترکی میں عمل میں آئی اور اس میں عراقی انٹیلی جنس اور ترک سکیورٹی اداروں کی کوششیں شامل رہیں۔داعش کے سربراہ البغدادی کے حالیہ مقام کے بارے میں متضاد معلومات ہیں۔ امریکی ماہرین اور انٹیلی جنس نے خبردار کیا ہے کہ شام اور عراق میں "داعش" پر عسکری طور سے قابو پانے کے باوجود تنظیم اب بھی ایک بڑا خطرہ ہے۔ توقع ہے کہ داعش دنیا کے مختلف ممالک میں نئے حملے کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔