احتساب عدالت کا ایم ایس عباسی شہید ہسپتال کو آئندہ کسی بھی ملزم کو اجازت کے بغیر داخل نہ کرنے کا حکم

جمعہ 4 مئی 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) احتساب عدالت نے 36ایکڑ سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت کے دوران ایم ایس عباسی شہید اسپتال کو آئندہ کسی بھی ملزم کو اجازت کے بغیر داخل نہ کرنے کا حکم دیا ہے ۔جمعہ کو احتساب عدالت میں 36 ایکڑ سرکاری اراضی غیرقانونی طور پر الاٹ کرنے کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ریفرنس میں نامزد سابق مختیار کار لطیف بروہی کو بیماری کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔عدالت نے بغیر اجازت کے ملزم کو اسپتال میں داخل کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس عباسی شہید اسپتال کو پیش ہونے کا حکم دیا۔عدالتی احکامات پر ایم ایس عباسی شہید اسپتال نے پیش ہوکر رپورٹ جمع کرائی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم لطیف بروہی کو بیماری کے باعث عباسی اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا لیکن اب ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

عدالت نے ایم ایس عباسی اسپتال کو ہدایت کہ آئندہ کسی بھی ملزم کو اجازت کے بغیر اسپتال میں داخل نہیں کیا جائے۔دوسری جانب عدالت نے نیب حکام کو ملزم لطیف بروہی کے خلاف ایک اور کیس میں انکوائری کی اجازت بھی دی جبکہ عدالت نے پہلے سے درج ریفرنس پر مزید کارروائی 10 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب حکام کو ملزمان کے خلاف مزید گواہان پیش کرنے کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :