پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی ای)نے غیر قانونی کمپنیوں کیخلاف کمر کس لی

شہر بھر کے سپر سٹورز کو دو ہفتوں میں غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کا سٹاک اٹھانے کی مہلت،حتمی وارننگ نوٹس جاری کر دئیے گئے، عملدرآمد نہ کرنیوالے سٹورز کا سٹاک ضبط، قانونی کارروائی کی جائیگی

جمعہ 4 مئی 2018 17:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی(پی ایس کیو سی ای) لاہور زون نے غیر قانونی کمپنیوں کیخلاف کمر کس لی ۔شہر بھر کے سپر سٹورز کو دو ہفتوں میں غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کا سٹاک اٹھوانے کی مہلت،حتمی وارننگ نوٹس جاری کر دئیے گئے، عملدرآمد نہ کرنیوالے سٹورز کا سٹاک ضبط، قانونی کارروائی کی جائیگی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے عبدالعلیم میمن نے افسران کو شہر بھر کے سپر سٹوروں پر موجود غیر رجسٹرڈ، غیر معیاری اور غیر قانونی کمپنیوں کا سٹاک ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔جس پر پی ایس کیو سی اے نے پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا لائسنس نہ رکھنے والی کمپنیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی دارالحکومت کے تمام سپر سٹورز کو غیر قانونی، غیر رجسٹرڈ(پی ایس کیو سی اے کا لائسنس نہ رکھنے والی)کمپنیوں کا سٹاک فروخت کرنے سے باز رہنے کا حتمی نوٹس دیدیا ہے۔جس کے مطابق دو ہفتوںکے اندر سپر سٹورز تمام غیر قانونی کمپنیوں کا سٹاک اٹھوانے کے پابند ہونگے ۔جس کے بعد ایسی کمپنیوں کا سٹاک ضبط کر لیا جائیگا اور سپر سٹورز کیخلاف بھی قانونی کارروائی کی جائیگی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اصغر علی اور یٰسین عبدالحلیم کی سربراہی میں پی ایس کیو سی اے کے ٹیم نے مختلف سپر سٹورز کے معائنے کے دوران ایسی تمام مصنوعات جو کہ غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کی طرف سے تیار کر کے فروخت کی جارہی ہیں کی نشاندہی کر دی ہے۔جن میں کاسمیٹکس کی مختلف اشیا، صابن، ٹوتھ پیسٹ، ہیر کلر، شیمپو، گھی، مصالحہ جات وغیر بھی شامل ہیں۔مزید براں شہریوں کی آگاہی کیلئے ایک مہم بھی شروع کر دی گئی ہے اور مختلف سٹورز پر جا کر پمفلٹ بھی تقسیم کیئے جارہے ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ صرف پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی لائسنس یافتہ مصنوعات کا ہی استعمال کریں۔واضح رہے کہ15مارچ کو پی ایس کیو سی اے نے سپر سٹورز ایسوسی ایشن سے کامیاب مذاکرات کے بعدغیر قانونی کمپنیوں کا سٹاک اٹھوانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی تھی اس دوران ایسوسی ایشن کی طرف سے ہدایات کے بعد کئی کمپنیوں نے پی ایس کیو سی اے کا لائسنس حاصل کرنے کیلئے درخواستیں جمع کروادیں ہیں۔

سپر سٹورز کے تعاون اورکمپنیوںکے مثبت رویے کی وجہ سے ڈیڈ لائن میں توسیع دی گئی ہے۔ڈائریکٹرپی ایس کیو سی اے لاہور زون سیداقبال احمدکا کہنا ہے کہ کہ غیر معیاری اور غیر قانونی کمپنیوں کا سٹاک رکھنا ممنوع ہے اور سپر سٹورز مالکان کو بھی چاہئے کہ وہ لوگوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والی غیر قانونی اور غیر معیاری کمپنیوں کا سٹاک روک دیں۔