حکومت نے کاشتکاروں کی فلاح کیلئے ڈی اے پی کھاد پر سبسڈی میں اضافہ کر دیا‘ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

جمعہ 4 مئی 2018 20:36

لاہور۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ ڈی اے پی پر سبسڈی کی رقم 150 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی بیگ کر دی ہے یہ سبسڈی اسی تناسب سے تمام فاسفورسی کھادوں پر لاگو ہوگی، ڈی اے پی پر جنرل سیلز ٹیکس بھی نہیں لیا جا رہا تاکہ فاسفورسی کھادوں کی قیمتیں مناسب سطح پر برقرار رہیں، کسان پیکج کے تحت ڈی اے پی کھاد پر اربوں روپے کی سبسڈی سے صوبہ بھر کے 52لاکھ کسان مستفید ہوں گے ، خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت زرعی شعبہ میں ایک اور انقلابی قدم اٹھا کر کسانوں کو ڈی اے پی کھاد پر فوری سبسڈی کی فراہمی شروع ہے ، سستی کھاد سے زرعی اجناس پر کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کم ہوسکے گی اور کھاد وں کے متناسب استعمال کوفروغ حاصل ہوگا، یہ سبسڈی بذریعہ وائوچر فراہم کی جا رہی ہے ، ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کسان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اسے ہر وہ سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے جو اس کی پیداواری لاگت کو کم کرسکے، اس سبسڈی سے فائدہ اٹھانے کیلئے غیر رجسٹر ڈکسان آج ہی پنجاب زرعی ہیلپ لائن پر فون کرکے اپنی رجسٹریشن کروائیں، غیر رجسٹرڈ کسان سبسڈی و دیگر معمومات حاصل کرنے کیلئی0800-15000 0800-29000پر کال کریں ، جبکہ رجسٹر ڈ کاشتکاراپنے موبائل فون سے سکریچ کارڈ نمبر سپیس ڈال کر شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ 8070پر بھیجیں اور تصدیقی پیغام موصول ہونے پر قریبی ایزی پیسہ شاپ پر میسج دکھا کر رقم حاصل کریں ، یہ سبسڈی صرف پنجاب کے کسانوں کیلئے ہے۔