قومی وطن پارٹی نے فاٹا اصلاحات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے عملی جدوجہد کی ،سکندرشیرپائو

جمعہ 4 مئی 2018 20:38

قومی وطن پارٹی نے فاٹا اصلاحات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے عملی جدوجہد ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ 2013کے انتخابات میں تبدیلی کے نام پر ووٹ بٹورنے والوں نے 2018کے انتخابات کیلئے اپناچہرہ تبدیل کرکے 11نکات کا شوشہ چھوڑ دیا ہے جو صوبہ کے عوام کی آنکھوں میں ایک بار پھردھول جھونکنے کی ناکام کوشش کررہے ہیںلیکن عوام اب بیدار ہوچکے ہیں اور ان کے ہتھکنڈوں میں آنے والے نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مینگورہ سوات میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیاسکندر شیرپائو نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تبدیلی کے نعرہ میں ناکامی کے بعد صوبہ کے پختونوں کو دھوکہ دینے کیلئے اب گیارہ نکات کا شوشہ چھوڑ دیا ہے جو محض خالی نعرہ کے سوا کچھ نہیں اور یہ بھی ان کی تبدیلی کی طرح ووٹ بٹورنے کی کوشش ہے لیکن خیبر پختونخوا کے عوام ان کی پانچ سالہ کارکردگی اور تبدیلی دیکھ چکی ہیں اور مزید ان کے کسی بھی دھوکہ میں آنے والے نہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تبدیلی سوشل میڈیا کے ذریعے نہیں لائی جاسکتی بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات اور مخلصانہ کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے جس سے صوبائی حکومت عاری ہے۔ قومی وطن پارٹی کے رہنماء نے فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کے اعلان کو خوش آئند اقدام قرار دیا اور کہا کہ خیبر پختونخوافاٹا انضمام میں مزید تاخیر نہ کی جائے کیونکہ تاخیری حربوں سے قبائلی عوام کی محرومیوں میں مزیداضافہ ہوگا ۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے فاٹا اصلاحات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے شروع دن سے عملی جدوجہد کی ہے اور پارٹی کی کوشش ہے کہ آنے والے انتخابات میں قبائلی عوام کو اسمبلیوں میں نمائندگی کا حق مل سکے۔ سکندر شیرپائو نے کہا کہ ان کی جماعت کی اولین ترجیح تمام پختونوں کو متحد اور ان کے حقوق و تحفظ اور اپنے وسائل پر مکمل اختیارحاصل کرناہے جس کیلئے پارٹی عملی جدوجہد کر رہی ہے۔جلسہ سے قومی وطن پارٹی کے رہنمائوں شیربہادرزادہ خان،فضل رحمان نونو،نصراللہ خان،شوکت خان اور امجد خان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری فقیر حسین لالا،سیکرٹری کلچر ونگ ڈاکٹر عالم یوسفزئی اور تل حیات خان بھی موجود تھے۔