لیسکو چیف کا دورہ قصور،تمام افسران کو رمضان میں لوڈ میں اضافے کے پیش نظر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

جمعہ 4 مئی 2018 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ نے لیسکو کے قصور سرکل کا دورہ کیا اور قصور سرکل کی ماہانہ کارکردگی بارے اجلاس کی صدارت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ لیسکو یوٹیلیٹی سروسز فراہم کرنے والی کمپنی ہے اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا لیسکو سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کی ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

موسم گرما اور رمضان المبارک کے دوران بجلی کی طلب میں اضافے کے پیش نظر چیف ایگزیکٹو لیسکو نے شعبہ آپریشن کے تمام متعلقہ افسران کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ رمضان المبارک کے دوران صارفین کی پاور ڈیمانڈ کومدنظر رکھتے ہوئے پلان تشکیل دیا جائے تاکہ صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جاسکے۔

(جاری ہے)

ماہانہ کارکردگی اجلاس کے دوران قصور سرکل کے ایس ای ناصر ایاز گرمانی نے چیف ایگزیکٹو لیسکو کو موبائل میٹر ریڈنگ، لائن لاسز، ریکوری، نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی اور بجلی چوری کے بارے میں درج کروائی گئی FIRs کے متعلق بریفنگ دی ۔

چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے قصور سرکل کے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیںکہ کمپنی کے لائن لاسز میں کمی اور ریکوری کے مقررہ ہدف کو ہر صورت ممکن بنایا جائے،لائن لاسسز میں کمی ، موبائل میٹر ریڈنگ ،بجلی چوری کی ایف آئی آر ، ڈیڈ ڈیفالٹرز سے رقوم کی وصولی اور خراب میٹروں سے ڈیٹا ہر صورت حاصل کیا جائے ۔ چیف ایگزیکٹو نے اس موقع پر کہا کہ رقبے اور بجلی کی طلب کے لحاظ سے لیسکو پنجاب کی سب سے بڑی بجلی تقسیم کار کمپنی ہے جس کا بنیادی مقصد اپنے صارفین کی سہولت کے ساتھ ساتھ بجلی کے ترسیلی نظام کو مربوط اور مستحکم رکھنا ہے۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو نے قصور سرکل کی تمام ڈویثرنز اور قصور اولڈ اور قصور نیو گرڈ اسٹیشنز کا دورہ بھی کیا ۔اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن چوہدری محمد انورچیف انجینئر مٹیریل مینجمنٹ محمد علی ڈوگر،سی ایس ڈی مجاہد سعید رانا، چیف انجینئر چوہدری محمد امین، ایس ای قصور ناصر ایاز گرمانی، تما م ایکسئینزاور ایس ڈی اوز بھی موجود تھے ۔