خوشی ہے کہ سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 4 مئی 2018 23:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تعلیم سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن (ایس ای ایف) ان کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، ایس ای ایف بند پڑے 168 اسکولوں کو فعال بنائیں، لعل شہباز قلندر کے مزار پر گلی کے بچوں کے لئے آپ کا (ایس ای ایف) کا اسکول دیکھنا چاہتا ہوں۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیراعلی ہائوس میں سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن بورڈ کے گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر، چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، ایم ڈی سندھ ایجوکیشن فانڈیشن ناہید شاہ، اسپیشل سیکریٹری خزانہ اور غیرسرکاری اراکین ڈاکٹر قاضی مسعود، ڈاکٹر محمد میمن، حسین قمر شاہ، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر، ڈائریکٹرز سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایم ڈی سندھ ایجوکیشن فانڈیشن ناہید شاہ درانی نے بورڈ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس ای ایف نے گذشتہ چند سالوں میں اسکول ایجوکیشن اور لٹریسی ڈپارٹمنٹ (ایس ای ایل ڈی) کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائونڈیشن نے 2314 اسکولوں کے نیٹ ورک کے ذریعے 555943 سے زائد طلبا کو نہ صرف آگے بڑھایا ہے بلکہ معیاری اصلاحات بھی کی ہیں جس میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کو متعارف کرانا بھی شامل ہے، جس کے تحت ایس ای ایف نے اسکولوں کی ٹیچنگ اور سکھانے کی مد میں مدد کی ہے۔

ناہید شاہ درانی نے کہا کہ چند اہم سنگ میل بھی عبور کئے ہیں، جن میں پوسٹ پرائمری اسکول پورٹ فولیو، نوجوانون کو سکھانے اور تربیتی پروگرام متعارف کرانا، تھرڈ پارٹی کے ذریعے ٹیچر ٹریننگ اور انسٹیٹوٹنگ اسٹوڈنٹس اسسمینٹس کرانا شامل ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹھٹہ، بدین، جام شورو، دادو اور سجاول اضلاع کے 941 بند سرکاری اسکولوں کا سروے کیا اور ان بند اسکولوں میں سے 168 اسکولوں کو فعال بنانے کے لئے تفصیلی پلان دیا اور ڈیمو گرافی کی بنیاد پر 35 ہزار طلبا کو ان دور دراز علاقوں میں تعلیم سے آراستہ کیا۔

انہوں نے اس بات کو بھی سراہا کہ اسی طرح کا ایک سروے میرپورخاص، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہیار میں بند اسکولوں کو کھولنے کے لئے کیا جا رہا ہے جس سے 25 ہزار سے زائد بچے جوکہ اسکولوں سے باہر ہیں کو داخل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکمت عملی کے ذریعے بند اسکولوں کو فعال بنایا جا سکتا ہے اور بڑی تعداد میں اسکول سے باہر بچوں کا انرولمینٹ کرایا جائے گا۔

ایس ای ایف بورڈ نے اجلاس میں سندھ رورل سپورٹ آرگنائیزیشن اور سٹیزن ایجوکیشن فائونڈیشن کی شراکت کے تحت ایس ای ایف کو پہلے او ایم وی کے تحت گھوٹکی، صالح پٹ اور نارا جیسے صحرائی علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے چلنے والے اسکولوں کو لینے کی اجازت دی گئی۔ سندھ حکومت اور ایس ای ایف سیکنڈری / ہائی اسکولوں میں ایس ای ایف کے ذریعے آئی سی ٹی اور سائنس، ٹیکنالوجی انجنیئرنگ اور میتھامیٹکس (ایس ٹی ای ایم)، انٹیگریٹڈ کیوریکیولم متعارف کرانا۔

انہوں نے اس تجویز سے اتفاق کیا کہ ایس ای ایف کے تعاون اور ایس ای ایل ڈی کے تحت چلنے والے اسکولوں میں پڑھنے والے طلبا کو آئی سی ٹی کے تحت انٹیگریٹڈ کیوریکیولم کا علم اور تصور ہونا چاہئے۔ اسکول ایجوکیشن اسکالر شپ پروگرام کے تحت ایس ای ایف اور ایس ای ایل ڈی کے چلنے والے اسکولوں میں میرٹ پر آنے والے 1300 طلبا کو اسکالرشپ دیئے جنہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 2017-18ء کے بجٹ کے نظرثانی شدہ تخمینے 6.225 بلین روپے اور 2018-19ء کے بجٹ تخمینے کیلئے 9597.721 ملین روپے کی منظوری دی۔ وزیراعلی سندھ نے اس بات کا ایک بار پھر اعادہ کیا کہ ترقی کے لئے تعلیم ضروری ہے اور اس سلسلے میں فائونڈیشن نے گرانقدر کوششیں کی ہیں اور ہمارے معاشرے کے مجموعی مفاد اور صوبے کی مجموعی ترقی کے لئے ان کوششوں کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔