Live Updates

سہیل آفریدی کے حلف کی تقریب میں دلچسپ صورتحال

پی ٹی آئی کارکنوں کے گورنر کا نام لیکر ’شرم کرو حیا کرو‘ کے نعرے، فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ کو گلے لگا کر مبارکباد دی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 اکتوبر 2025 16:55

سہیل آفریدی کے حلف کی تقریب میں دلچسپ صورتحال
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2025ء ) سرکاری ٹی وی پر نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کی حلف برداری کی تقریب چند منٹ کیلئے نشر کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے عہدے کا حلف اٹھالیا، حلف برداری کی یہ تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی جہاں گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے نو منتخب وزیراعلیٰ سے عہدے کا حلف لیا، سہیل آفریدی کی جانب سے حلف اٹھائے جانے کے بعد اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی، جب تحریک انصاف کے کارکنوں کی طرف سے ’شرم کرو، حیا کرو‘ کے نعرے لگائے گئے، اس دوران کئی کارکن گورنر فیصل کریم کنڈی کا نام لے کر ہنستے دکھائی دیئے، تاہم حلف لینے کے بعد گورنر خیبر پختونخواہ نے سہیل آفریدی کو گلے لگایا اور انہیں مبارکباد بھی دی، جس کے بعد فیصل کریم کنڈی تقریب سے روانہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ گورنر ہاؤس پشاور میں سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلیٰ حلف برداری کی تقریب میں پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزراء بھی شریک ہوئے، اس موقع پر آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری بھی نو منتخب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ گورنر ہاوس پہنچے جب کہ سہیل آفریدی کی وزیراعلیٰ ہائوس سے حلف برداری کے لئے روانگی سے قبل خصوصی دعا کی گئی ،سہیل آفریدی کو روانگی سے پہلے وزیراعلیٰ ہاؤس میں قبائلی مشران نے دعاؤں کے ساتھ انہیں رخصت کیا۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات