فیلڈ مارشل کی صدر سے ملاقات؛ پاک افغان کشیدگی پر بریفنگ دی، سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

صدر زرداری نے قوم کے دفاع اور افغان سرحد پر سرحد پار حملوں کے فوری تدارک میں فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 اکتوبر 2025 17:05

فیلڈ مارشل کی صدر سے ملاقات؛ پاک افغان کشیدگی پر بریفنگ دی، سکیورٹی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2025ء ) صدر مملکت آصف علی زرداری سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کی جہاں ملک کی داخلی و خارجی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے صدرِ مملکت کو ملک کی مجموعی داخلی اور خارجی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔

بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے صدر پاکستان کو افغان طالبان حکومت کے جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی حالیہ سکیورٹی صورتحال اور پاک افواج کے مؤثر اور مناسب ردِعمل سے آگاہ کیا، جس پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فوج کی قوت، بہادری، صلاحیت اور تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اعلامیہ سے معلوم ہوا ہے کہ صدر زرداری نے قوم کے دفاع اور افغان سرحد پر سرحد پار حملوں کے فوری تدارک میں فوج کی چوکسی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا، صدر مملکت نے افغان بارڈر پر سرحد پار حملوں کا فوری اور پیشہ ورانہ جواب دینے پرپاک فوج کی مہارت کی تعریف کی، صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔