سکھر پولیس کی کارروائیاں ‘ تین منشیات فروشوں‘ تین اشتہاری‘ دو مفرور ملزمان سمیت 8 ملزمان گرفتار

جمعہ 4 مئی 2018 23:50

سکھر۔ 4مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) سکھر پولیس نے مختلف کاروائیوں کے دوران تین منشیات فروشوں تین اشتہاری دو مفرور ملزمان سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا، پولیس ترجمان کیمطابق روہڑی پولیس نے ناکہ بندی کے دوران کشتی چوک کے قریب کاروائی کرتے ہوئے ایک چرس اسمگلر اصغر گھمرو کو گرفتار کر کے قبضہ سے 2 ہزار گرام چرس برآمد کرلی ، ملزم کے خلاف مقدمہ تھانہ روہڑی میں درج کرلیا گیا۔

ایس ایچ او C سیکشن امجد مغل نے تھانہ سی سیکشن کی حدود جیل موڑ کے قریب چھاپے کے دوران منشیات اسمگلر عابد حسین موسانی کو گرفتار کر کے تھانہ C سیکشن میں مقدمہ درج کرلیا ،ملزم کے قبضہ سے 180 کلو بھنگ 400 گرام چرس ایک کرولہ کار و دیگر مال برامد کرکے تحویل میں لیا گیا ہے علاوہ ازیں اے ایس پی سٹی محمد معروف عثمان نے تھانہ نیوپنڈ کی حدود میں چھاپہ مار کر منشیات فروش امجد علی ولد غلام حسین بروہی کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ تھانہ نیوپنڈ میں درج کرلیا گیا جبکہ قبضہ سے 1200 گرام چرس و دیگر مال برامدکیا گیا ہے ، مذید براں ، صالح پٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے تین اشتہاری ملزمان غلام شبیر شنبانی، رستم منگریو اور بہرام منگریو کو گرفتار کر لیا جبکہ دبر پولیس نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ایک مفرور ملزم حبدار علی کو گرفتار کرلیا ۔

(جاری ہے)

تھانہ جنوجی پولیس نے ایک مفرور ملزم غوث بخش مہر و گرفتار کرلیا ہے ۔ ۔ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے پولیس پارٹیز کی کامیاب کاروائیوں پر شاباشی کا پیغام دیا ہے ۔