لیڈی ڈفرن ہسپتال کے بعد کوئٹہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین اور بچوں کیلئے ایک علیحدہ ہسپتال قائم کیا جارہا ہے ،ہسپتال کا عنقریب باقاعدہ افتتاح کیا جائیگا،قائم مقام گورنر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی

ہفتہ 5 مئی 2018 23:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) قائمقام گورنر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ لیڈی ڈفرن ہسپتال کے بعد کوئٹہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین اور بچوں کیلئے ایک علیحدہ ہسپتال قائم کیا جارہا ہے جس کا عنقریب باقاعدہ افتتاح کیا جائیگا ۔ خواتین ہسپتال کا قیام یقینا پورے صوبے کے عوام باالخصوص خواتین کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ہفتہ کے روز بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں کلرک ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام گورنر نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل لیڈی ڈفرن ہسپتال قائم کیا گیا تھا لیکن ماضی میں حکومتوں نے کبھی بھی اس اہم معاملے پر توجہ نہیں دی۔

(جاری ہے)

قائمقام گورنر نے مزید کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں بی ایم سی ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے علیحدہ مخصوص وارڈزکے قیام اور کینسر کے مرض میںاستعمال ہونے والی مشینری کیلئے رقم مختص کی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کے علاج و معالجے کیلئے دوسرے صوبوں میں نہ جانا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی اور دفتری امور میں کلرکل اسٹاف کا اہم کردار ہے ۔ اگر یہ لوگ اپنے فرائض کو احسن طریقے سے انجام دینے میں کامیاب ہوگئے تو اس کی مجموعی دفتری امور و معاملات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ تقریب سے بی ایم سی کے ایم ایس اور آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن کے صوبائی و ضلعی عہدیداران نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں قائمقام گورنر نے بی ایم سی کلرک یونٹ کے نئے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔