پنجاب حکومت کا اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں مزید 11 ارب روپے کا قرضہ لینا قومی خزانے پر بوجھ ہے ‘سعدیہ سہیل رانا

اتوار 6 مئی 2018 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں مزید 11 ارب روپے کا قرضہ لینا قومی خزانے پر بوجھ ہے پنجاب حکومت اس فیصلہ کو فلفور واپس لے ۔اپنے دفتر میں کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کفایت شعاری سے انحراف جرم سے کم نہیں جس کے باعث قرض کا ایک پہاڑ کھڑا ہو گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری کردہ رواں مالی سال کے جولائی تا فروری کے عرصے کے حکومتی قرضے کے اعدادوشمار کے مطابق وزارت خزانہ نے کفایت شعاری کی پالیسی سے روگردانی کرتے ہوئے ضرورت سے کئی گنا زیادہ قرضہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کشکول توڑنے والوں کے ساڑھے چار سال قرضے کے حصول میں گزرے ہیں۔ ن لیگ کا دورحکومت بدترین دور گردانا جا رہا ہے یہ ہی وجہ ہے کہ عوام نے ن لیگ کی پالیسیوں کو مسترد کر دیا ہے۔