حکومت صوبے اورفاٹا دونوں میں عوام کیلئے سماجی ومعاشی ترقی کے مواقع وخدمات کامعیار بلندکرنے کیلئے فعال انداز سے سرگرم عمل ہے،اقبال جھگڑا

فاٹاسے پولیوکامکمل خاتمہ کردیاگیا،گزشتہ دوسال کے دوران کوئی پو لیو کیس سامنے نہیں آیا ،جلد پورا ملک پولیو فری بن جائیگا،،گورنرخیبرپختونخوا

اتوار 6 مئی 2018 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑانے کہاہے کہ حکومت صوبے اورفاٹا دونوں میں عوام کیلئے سماجی ومعاشی ترقی کے مواقع وخدمات کامعیار بلندکرنے کیلئے فعال انداز سے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ خواہ تعلیم کا شعبہ ہو یا صحت کا اوریا پھرمعاشی ترقی کے حوالے سے جاری سرگرمیاں،زندگی کے ہرشعبے میں انسانیت کی خدمت کے خواہشمند حلقوں کیلئے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوارکے روز اسلام آباد میں ایک غیرسرکاری بین الاقوامی ادارے روٹری کلب انٹرنیشنل کے سالانہ ڈسٹرکٹ کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں روٹری انٹرنیشنل کے ملکی نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر نے روٹری کلب انٹرنیشنل کی انسانی ہمدردی خدمات کوسراہتے ہوئے خاص طورپر اس ادارے کے انسداد پولیو کے ضمن میں کردار کوسراہا اور اس ادارے کے رکن ہونے پر شرکاء کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہاکہ فاٹاسے پولیوکامکمل خاتمہ کردیاگیاہے اورگذشتہ دوسال کے دوران کوئی پو لیو کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب فاٹا اور خیبرپختونخوا سمیت پورا ملک پولیو فری بن جائیگا۔ گورنر نے روٹری کلب انٹرنیشنل کی جانب سے مشکلات کے حامل مختلف ادوار میں دکھی انسانیت کی خدمات کے حوالے سے اس ادارے کے کردار اورخدمات کوسراہا۔