جرمنی کی صنعتی مصنوعات کے خریداری آرڈرز میں مارچ کے دوران 0.9 فیصد کمی

پیر 7 مئی 2018 15:50

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) جرمنی نے کہا ہے کہ مارچ کے دوران اس کی صنعتی مصنوعات کے خریداری آرڈرز میں 0.9 فیصد کمی ہوئی جو ماہرین کے اندازوں کے برعکس ہے، ماہرین نے 0.6 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی تھی۔قومی ادارہ برائے اعداد و شمار کی رپورٹ کے مطابق مارچ کے دوران صنعتی مصنوعات کی خریداری کے حوالے سے آرڈرز میں 0.9 فیصد کمی ہوئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مارچ کے دوران جرمن مصنوعات کی اندرون ملک طلب میں 1.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا لیکن 19 یورپی ملکوں میں ان کی طلب میں 3 فیصد جبکہ باقی دنیا میں 2.5 فیصد کمی ہوئی۔انھوں نے کہا کہ 2017 کے دوران اور بالخصوص دوسری ششماہی کے دوران ملکی صنعتی مصنوعات کے لیے خریداری آرڈرز میں نمایاں اضافہ ہوا تھا لیکن 2018 کی پہلی سہ ماہی کے دوران برطانیہ کے یورپی بلاک سے انخلا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چین اور یورپی یونین کے بارے میں دھمکیوں کے باعث کاروباری اداروں کا اعتماد کم ہونے سے صنعتی شرح نمو کے امکانات میں بھی کمی آئی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 6 ماہ کے دوران صنعتی مصنوعات کے خریداری آرڈرز میں تیزی آئے گی۔۔