احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہیں‘ طاہرہ اورنگزیب

پیر 7 مئی 2018 20:19

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما و رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں گالم گلوچ اور ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کے بجائے عوام کے پاس اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جائیں تو بہتر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی حرکتوں سے انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی۔ طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ احسن اقبال پر حملے کا ملزم گرفتار ہے اسے کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ ایسے حملوں سے بھری پڑی ہے، ماضی میں سابق وزیراعظم بے نظر بھٹو، لیاقت علی خان اور نواب اکبر بگٹی کا قتل شامل ہے۔ ان کے قتل کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔ طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتیں بروقت انتخابات کرانے کے حق میں ہے۔