Live Updates

تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے متفقہ طورپر چیئرمین منتخب

کمیٹی رکن سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے سینیٹر فیصل جاوید کا نام بطور چیئرمین کمیٹی تجویز کیا جس کی کسی کمیٹی رکن نے مخالفت نہ کی

پیر 7 مئی 2018 21:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے متفقہ طورپر چیئرمین منتخب ہو گے۔ کمیٹی رکن سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے سینیٹر فیصل جاوید کا نام بطور چیئرمین قائمہ کمیٹی تجویز کیا جس کی کسی کمیٹی رکن نے مخالفت نہ کی۔پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس سیکر ٹری کمیٹی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا،اجلاس میں چیئرمین کمیٹی کا انتخاب کیا گیا،اجلاس میں کمیٹی رکن پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے سینیٹر فیصل جاوید کا نام بطور چیئرمین قائمہ کمیٹی تجویز کیا جس کی کسی کمیٹی رکن نے مخالفت نہ کی اور تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاویدکومتفقہ طور پر کمیٹیکا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی فیصل جاوید نے تمام کمیٹی ارکان کا شکریہ ادا کیا ۔کمیٹی کے ارکان میں مسلم لیگ نے کے سینیٹرز پرویز رشید،کامران مائیکل،غوث محمد خان نیازی اور صابر شاہ شامل ہیں جبکہ کمیٹی میں نیشنل پارٹی کے محمد طاہر بزنجو،جے یو آئی (ف)کے سینیٹر عطاالرحمان،پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولا بخش چانڈیو،روبینہ خالد،فاٹا کے سینیٹر تاج محمد آفریدی،ایم کیو ایم پاکستان کی سینیٹرخوش بخت شجاعت،جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمد اعظم خان موسیٰ خیل شامل ہیں۔

دوسری جانب قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا چیئرمین منتخب ہونے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینیٹر فیصل جاوید کومبارکباد دیتے ہوئے انکے لئے دعا اور نیک تمناں کا اظہارکیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات