ْنواز شریف کا جلسہ اس بات کی نوید ہے کہ آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے، سردار ظہور احمد

پیر 7 مئی 2018 23:13

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی سردار ظہور احمد نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا جلسہ اس بات کی نوید ہے کہ آنے والا دور مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کا ہے، مانسہرہ میں جلسہ نہیں بلکہ ریفرنڈم تھا۔

(جاری ہے)

سوموار کو یہاں مانسہرہ جلسہ کے حوالہ سے انہوں نے بتایا کہ جلسہ گاہ میں پارٹی کارکنان، عہدیداران اور ضلع کی عوام نے جس طرح شرکت کی وہ پارٹی کے ساتھ عوام کی محبت اور نواز شریف پر اعتماد کا اظہار ہے، آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن) نے ملک میں امن و استحکام سمیت ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے مسلم لیگی عہدیداروں و کارکنوں اور حلقہ پی کے 31 کے مسلم لیگی کارکنوں، پارٹی عہدیداران، ووٹر و سپورٹرز کے شکر گذار ہیں جنہوں نے جلسہ کو کامیاب بنانے میں ہماری مدد کی۔