ایمیلیو پالما۔ انٹاکٹکا میں پیدا ہونے والا پہلا شخص

Ameen Akbar امین اکبر پیر 7 مئی 2018 23:56

ایمیلیو پالما۔ انٹاکٹکا میں  پیدا ہونے والا پہلا شخص

تصور کریں کہ کسی ملک میں پیدا ہونے کی کیا اہمیت  ہو سکتی ہے۔ کسی ملک میں پیدا ہونے والے کو اس ملک کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا  جاتا ہے۔  وہ امتحانی سوالات کا جواب ہو سکتا ہے  ، غرض کہ ایسے شخص کو کسی نہ کسی صورت ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔
کسی ملک میں پیدا ہونے والے پہلے شخص کی یہ اہمیت ہے تو کسی براعظم میں  پیدا ہونے والے پہلے شخص کی کیا اہمیت ہوگی؟ حقیقت میں ایک ایسا شخص ہے اور اسی وجہ سے ساری دنیا انہیں جانتی ہے۔

ایمیلیو پالما وہ پہلے شخص ہیں جو باضابطہ طور پر براعظم   انٹاکٹکا میں پیدا ہوئے۔
اس کا پس منظر کچھ یوں  ہے کہ چلی اور ارجنٹائن 1940 سے براعظم انٹارکٹکا کی ملکیت کے لیے لڑ رہے ہیں۔ 1959  کی انٹار کٹکا ٹریٹی کے مطابق بہت سے ممالک نے  اس براعظم پرسے اپنا دعویٰ ختم کر دیا ہے لیکن چلی اور ارجنٹائن  نے اس سرد براعظم پر اپنا دعویٰ جاری رکھا۔

(جاری ہے)

1959 کی انٹاکٹکا ٹریٹی کے مطابق 45 اقوام اس بات پر رضامند ہوئی کہ اس براعظم کا کوئی بھی ایک ملک مالک نہیں ہوگا۔ اس معاہدے میں طے پایا کہ انسانیت کی بھلائی کے لیے اس براعظم کو پرامن مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔اس کے بعد بھی چلی اور ارجنٹائن اس  براعظم پر سے اپنا دعویٰ  ختم نہیں کر رہے۔ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ یہ ممالک انٹارکٹکا کو کیوں اپنے ملک میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ درست ہے کہ اس براعظم میں تیل، کوئلے اور دوسری معدنیات کے ذخائر ہیں لیکن ان کی قیمت کا ابھی تک تخمینہ نہیں لگایا جا سکا۔ اس براعظم میں کان  کنی اور دیگر مقاصد کے لیے کھدائی نہ صرف  مشکل اور مہنگی ہے بلکہ غیر قانونی بھی ہے۔
1977 میں ارجنٹائن نے اس براعظم میں دعوی جتانے کے لیے ایک انوکھی حرکت کی۔ارجنٹائن نے فیصلہ کیا کہ انٹاکٹکا میں اُن کے بچوں کی پیدائش کی صورت میں براعظم پر اُن کا دعویٰ مضبوط ہو سکتا ہے۔

اس کے لیےانہوں نے براعظم انٹاکٹکا پر واقع اپنے  بیس میں موجودفوجیوں کے سربراہ کیپٹن جارج ایمیلیو پالما کی 7 ماہ کی حاملہ بیوی سیلویا موریلا ڈی پالما کو ہوائی جہاز سے براعطم انٹاکٹکا بھیجا۔7 جنوری 1978 کو ایمیلو پالما پیدا ہوئے۔ اُن کی پیدائش کو گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں براعظم انٹکار کٹکا میں پیدا ہونے والے پہلے شخص کے طور پر بھی درج کیا گیا۔


اس براعظم میں  ایملیو سے پہلے بھی دو افراد پیدا ہوچکے ہیں۔ ان میں سے ایک روبن سن پاس تو 1859 میں  پیدا ہوئے اور دوسرے سولوج جیکبسن 1913 میں پیدا ہوئے۔ لیکن یہ دونوں افراد براعظم کے اس حصے سے باہر پیدا ہوئے جسے  انٹارکٹکا ٹریٹی میں براعظم انٹارکٹکا کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔اسی وجہ سے ایمیلو  کو وہاں پیدا ہونے والے پہلے شخص کا اعزاز حاصل ہے۔


ایمیلو کی پیدائش کے بعد چلی کے حکام بھی نچلے نہیں بیٹھے۔ انہوں نے  براعظم  پر اپنے دعوے کو اسی طرح سے مضبوط کرنے کے لیے ایک نئے  شادی شدہ جوڑے کو  وہاں بھیجا  تاکہ اُن کا شہری نہ صرف وہاں پیدا ہو بلکہ اس کا حمل بھی وہیں قرار پائے۔
براعظم انٹارکٹکا پر ملکیت کےدعوے کے لیے چلی اور ارجنٹائن کے بیچ بچوں کی سی حرکتیں جاری ہیں لیکن دونوں اقوام محبت اور جنگ میں سب جائز ہے، کے مقولے پر عمل پیرا ہیں۔ اس جنگ میں 2009 تک انٹارکٹکا پر باضابطہ طور پر 11 بچے پیدا ہو چکے ہیں جن میں سے 8 ارجنٹائن کے اور 3 چلی کے ہیں۔