وفاقی حکومت سویا بین آئل کی درآمد پر عائد 30فیصد اضافی ڈیوٹی فی الفور واپس لے ،عمر ریحان

منگل 8 مئی 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) وفاقی ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان کی قائمہ کمیٹی برائے خوردنی تیل و گھی کے چیئرمین عمر ریحان نے کہا کہ سویا بین آئل کی درآمد پر عائد ٹیکس کی مد میں 30 فیصد اضافے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گھی و کوکنگ آئل کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ صرف اور صرف فرد واحد کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیا گیا ہے، سویا بین آئل کی درآمد پر عائد ٹیکس میں اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا اور اس سے عوام پر مہنگائی کے شدید اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس عمل سے نہ صرف گھی و تیل مہنگا ہوگا بلکہ پیش کئے گئے بجٹ کی شفافیت پر بھی سوالیہ نشان پیدا ہوتا ہے۔عمر ریحان نے کہا کہ پاکستان وناسپتی مینوفیکچرایسوسی ایشن اور آل پاکستان سول ونٹ ایکسٹریکشن ایسوسی ایشن (APSEA) کی مشترکہ بجٹ تجاویز کو یکسر نظر انداز کرکے کسی نجی کمپنی کی تجویز پر عمل کرنا اور فرد واحد کو فائدہ پہنچانا قابل مذمت ہے۔عمر ریحان نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ وفاقی حکومت بغیر کسی ردو بدل کے اضافی ڈیوٹی کے نفاذ کو واپس لے کیونکہ ڈیوٹی کے نفاذ سے مقامی انڈسٹری شدید مشکلات کا شکار ہوگی جبکہ حکومتی خزانے کو تقریباً 20 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔