سرکاری افسران ٹیم ورک، محنت اور قومی جذبہ سے کام لیکر بہترین نتائج حاصل کر سکتے ہیں، عرفان صدیقی

قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے افسران و عملہ کا جانفشانی سے کام کرکے مختصر وقت میں نمایاں کارکردگی دکھانا قابل تعریف ہے ، تقریب سے خطاب

منگل 8 مئی 2018 18:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ سرکاری افسران ٹیم ورک، محنت اور قومی جذبہ سے کام لیکر بہترین نتائج اور قومی خدمت کا بڑے سے بڑے اہداف حاصل کر سکتے ہیں، قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے افسران اور عملہ نے جانفشانی سے کام کرکے مختصر وقت میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے جو قابل تعریف ہے۔

مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے یہ بات قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری کیپٹن (ر) عبدالمجید نیازی کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انفارمیشن سروس گروپ کے گریڈ 20 کے افسر کیپٹن (ر) عبدالمجید نیازی مدت ملازمت مکمل ہونے پر 2 مئی کو ریٹائر ہو گئے۔

(جاری ہے)

وہ اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین کی اضافی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے تھے۔

عرفان صدیقی نے کیپٹن (ر) عبدالمجید نیازی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دوران سروس بالخصوص قومی تاریخ و ادبی ورثہ میں انہوں نے لگن، عزم اور قومی جذبہ سے امور انجام دیئے۔ اس موقع پر مشیر وزیراعظم نے کپٹن (ر) عبدالمجید نیازی کو یادگاری تحفہ بھی دیا۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری انجینئر عامر حسن سمیت قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے افسران اور دیگر عملہ نے شرکت کی۔