میئر سکھر کی پاکستان سوئٹ ہوم سکھر کی جانب سے کئے جانے والے مطالبات پر فوری کارروائی کی ہدایت

منگل 8 مئی 2018 18:44

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) میئر سکھر نے کونسل کے اجلاس کے دوران پاکستان سوئٹ ہوم سکھر کی جانب سے کئے جانے والے مطالبات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو بلاتاخیر اقدامات کی ہدایت کردی ہے ، اجلاس میں طے پایا تھا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کی تمام خواتین کونسلرز پاکستان سوئٹ ہوم کا دورہ کریں گی اور ان کے مسائل معلوم کر کے اس کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں گی ۔

پیر کے دن خواتین کونسلرز عذرا جمال ، ممتاز بیگم ، خالدہ صدیقی ، ماریہ احسان ملک ، ، قمرالنساء پھلپوٹو ، زینت بانو بھنبھرو ، زاہدہ اور غزالہ کاشف صدیقی نے سوئٹ ہوم کا وزٹ کیا ، اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان سوئٹ ہوم سکھر شبیر میمن نے ان کو بتایا کہ سوئٹ ہوم میں 103 یتیم بچوں کو تعلیم و تربیت اور طعام و قیام کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ان بچوں کو پبلک اسکول میں تعلیم کے لئے سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ جلد ہی لڑکیوں کے لئے بھی سکھر میں سوئٹ ہوم بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

کونسلرز نے سوئٹ ہوم کے تمام شعبوں کا وزٹ کیا اور خاص طور پر لائبریری کا جائزہ لیا اور وہاں پر موجود کتابوں اور وسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ انہوں نے بتایا کہ میئر سکھر نے ابتدائی طور پر سوئٹ ہوم کی لائبریری کے لئے ایک لاکھ روپے کی کتب دینے کی منظوری دی ہے تاہم ضرورت کے مطابق اس میں اضافہ کیا جائے گا ، خواتین کونسلرز نے انتظامیہ کو یقین دلایا کہ میئر ، ڈپٹی میئر اور وہ ان معصوم بچوں کے فلاح و بہبود و تعلیم و تربیت کے لئے جہاں بھی ضرورت ہوگی ان کا ساتھ دینگے اور نہ صرف میئر ، ڈپٹی میئر بلکہ شہر کے دوسرے مخیر حضرات کی توجہ بھی اس طرف مبذول کی جائے گی تاکہ سوئٹ ہوم مثالی ادارہ بن سکے ۔

دریں اثناء ان خواتین کونسلرز نے سکھر بلڈ بینک میں تھیلیسیمیا کے یونٹ کا معائنہ کیا ، ڈاکٹر عبدالجبار نے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔بعد ازاں انہوں نے میر معصوم شاہ لائبریری کا بھی دورہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :