لاہور،چیئر مین پرائس کنٹرول کمیٹی کاٹولنٹن مارکیٹ کا دورہ ،پانچ دکاندار گرفتار

منگل 8 مئی 2018 20:37

لاہور۔08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء)چیئر مین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے ٹولنٹن مارکیٹ کا دورہ کر کے برائلر گوشت کی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ،مردہ اور بیمار مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے والے پانچ دکانداروں کو موقع سے ہی گرفتار ، چار سٹالز منسوخ جبکہ ناجائز قائم کئے گئے 15سٹالز ختم کرا دئیے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے انتظامیہ کے افسران اور عملے کے ہمراہ ٹولنٹن مارکیٹ کا اچانک دور ہ کیا ۔ اس دوران کچھ دکاندار وں کی جانب سے بیمار اور مردہ مرغوں کے گوشت کی فروخت کا انکشاف ہواجس پر پانچ دکانداروں کو موقع سے ہی گرفتار کرا کے ایف آئی آر کا اندراج کرا دیا گیا جبکہ چار سٹالز منسوخ کرا دئیے گئے ۔

(جاری ہے)

صفائی نہ رکھنے پر متعدد دکانداروں کی سرزنش بھی کی گئی ۔ اس موقع پر داتا گنج بخش ٹائون کے عملے نے غیر قانون قائم 15سٹالز بھی ختم کرا دئیے او رسامان قبضے میں لے لیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اشیاء کے معیار کو بھی چیک کیا جارہا ہے ۔دورے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کچھ دکاندار مردہ اور بیمار مرغیوں کا گوشت تیار کر کے فروخت کررہے تھے جنہیں موقع سے گرفتار کر اکے ان کے خلاف مقدمے کا اندراج کرا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ٹولنٹن مارکیٹ میں اچانک دوروں کی تعداد بڑھائی جائے گی اور عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔