سلطان اعظم تیموری کی ممکنہ بیرون ملک روانگی، آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کیلئے ایس ایس پی ظفراقبال فیورٹ

آئی جی اسلام آبادوفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کیلئے (آج) لاہور روانہ ہوں گے سلطان اعظم تیموری کی اقوام متحدہ مشن میں شمولیت بارے این او سی بھی جاری ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا

منگل 8 مئی 2018 23:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹرسلطان اعظم تیموری اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ناصر محمود ستی کے دو سالہ کورس پر بیرون ملک روانہ ہو نے کا امکان ہے ، وزارت داخلہ کی جانب سے این او سی جاری نہ ہونے پر دونوں افسران کی بیرون ملک روانگی کھٹائی میں پڑ سکتی ہے۔وزارت داخلہ میں غیر رسمی اجلاس کے موقع پر نئے آئی جی اسلام آباد کے لئے آر پی او گوجرانوالہ راجہ رفعت ، سابق ڈی آئی جی احسان صادق ، سابق ایس ایس پی اسلام آباد ظفر اقبال اور ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے ۔

آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے لئے (آج)بدھ کو لاہور روانہ ہوں گے اور این او سی بھی جاری ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ناصر محمود ستی کو دو سالہ تربیتی کورس کے حوالے سے اقوام متحدہ مشن پر روانہ ہونا تھا جس میں دونوں افسران کے انٹرویوز مکمل ہونے کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے این او سی کا انتظار کیا جارہا ہے ۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کے باعث این او سی تاحال نہیں ملا سکا۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میں ایک غیر رسمی اجلاس کے موقع پر نئے آئی جی اسلام آباد کے لئے آر پی او گوجرانوالہ راجہ رفعت ، سابق ڈی آئی جی احسان صادق ، سابق ایس ایس پی اسلام آباد ظفر اقبال اور ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے ۔ وزارت داخلہ ذرائع کے مطابق نئے آئی جی اسلام آباد کے لئے سابق ایس ایس پی ظفر اقبال فیورٹ قرار دیے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد سلطان احمد تیموری(آج) بدھ کو وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے لئے لاہور جائیں گے اور این او سی کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کیا جائے گا۔پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد فارن مشن پروگرام میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ وزارت داخلہ سے این او سی موصول ہوجائے۔ظفر ملک