اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ موجودہ حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،حافظ میاں زبیر کار دار

منگل 8 مئی 2018 23:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے این اے 125اور پی پی 150کے ٹکٹ ہولڈر حافظ میاں زبیر کار دار نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ موجودہ حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور پیٹرول ،مرغی کی قیمتوں میں اضافہ اور اب اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو مزید مہنگائی کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔

مرزا الیاس بیگ اور افضل بٹ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ زبیر کار دار نے کہا کہ سبزیوں ، پھلو ں کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت بے بس اور لاچار د دکھائی دیتی ہے حتیٰ کہ اتوار بازاروں میں بھی عوام کو سستی اور معیاری اشیاء میسر نہیں ہیں حکومت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے ریٹ تو مقرر کر دیتی ہے لیکن ان پر عملدرآمد کرانے پر کوئی توجہ نہیں چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے گراں فروشی عروج پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے دعوؤں میں بری طرح ناکام ہوئی ہے اور رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے کی آمد سے پہلے ہی عوام کو پریشان کر دیا ہے اور عوام مہنگی اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے شہریوں میں بے چینی ، اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔