ڈی آئی خان ‘مبین ٹائون میں سالی کو قتل کرنے اور بیوی کے اغواء میں ملوث گرفتارملزم پولیس کی غفلت سے فرار

متاثرہ خاندان کا ڈی پی او دفتر کے سامنے بچوں اور خواتین کے ہمراہ احتجاجی مظاہر،ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ

منگل 8 مئی 2018 23:53

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) مبین ٹائون میں سالی کو قتل کرنے اور بیوی کے اغواء میں ملوث زخمی گرفتار ملزم عمران ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے پولیس کی غفلت کے باعث فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا،متاثرہ خاندان کا ڈی پی او دفتر کے سامنے بچوں اور خواتین کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ ،ایک احتجاجی شخص بیہوش ،ریسکیو1122کی ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی، ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود میں مبین ٹائون آڑہ روڈ پر پہلوان کے گھر میں اسکی بیٹی نوشین بی بی کو قتل کرنے اور دوسری بیٹی انیتا بی بی جو ملزم عمران کی بیوی تھی کو اغواء کرنے کے واقعے میں ملوث گرفتار زخمی ملزم عمران کمہار سول ہسپتال ڈیرہ کے سرجیکل وارڈ سے پولیس کو چکما دیکر فرارہوگیا ملزم اس سے قبل تین مرتبہ گومل یونیورسٹی پولیس کی غفلت کے باعث فرار ہوچکا ہے اور مذکورہ ملزم عمران پر گومل یونیورسٹی تھانہ میں چوری ،ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقدمات درج ہیں ملزم کے فرار ہونے کے بعد پہلوان اور انکے خاندان کے افراد جن میں خواتین و بچے شامل تھے نے ڈی پی او دفتر کے سامنے زبردست احتجاج کیا نعرے لگائے ،گومل یونیورسٹی پولیس کی نا اہلی اور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا واقعے کی اطلاع پر ریسکیو1122 کی ایمبولینس موقع پر فوراً پہنچ گئی بعد ازاں ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ ،ڈی ایس پی سٹی سید افتخار شاہ اور ایس ایچ او کینٹ فہیم ممتاز کیساتھ مظاہرین کے اکابرین کے کامیاب مزاکرات ہوئے جس میں ملزم کی فوری گرفتاری اور ملزم کے فرار میں غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا گزشتہ روز ملزم عمران کیطرف سے تھانہ گومل یونیورسٹی کے علاقہ مبین ٹائون میں اپنے سسر پہلوان کے گھر کی چھت پر چڑھ کر ان پر فائرنگ کرنے اور اپنی سالی نوشین بی بی کو قتل کرنے اور بیوی کو اغواء کرنے کے دو الگ الگ مقدمات گومل یونیورسٹی پولیس نے درج کرلیئے پولیس زرائع کے مطابق ملزم عمران کے ساتھی فائرنگ کے واقعے کے بعد عمران کی بیوی انیتا بی بی کو ساتھ لے گئے تھے تاہم بعد میں بیوی کو چھوڑ دیا تھا۔