پنجاب میں اعلیٰ معیا ر کی کھجوروں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے باغبانوں کو مفت پودوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا

بدھ 9 مئی 2018 15:31

فیصل آباد۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) پنجاب میں عجوہ ، امبرو ، بڑھی ، خلاص، مڈجول نامی اعلیٰ معیا ر کی کھجوروں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے باغبانوں کو مفت درآمد شدہ پودوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے جنہیں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے خصوصی طور پر درآمد کیا گیا ہے تاکہ ان مہنگی ترین کھجوروں کی مقامی پیداوار میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ ابتدائی طور پر یہ درآمد شدہ پودے فیصل آباد ڈویژن کے ضلع جھنگ ، بھکر ، رحیم یار خان ، ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ ، راجن پور ، ملتان اور بہاولپور کے کھجور کے باغبانوں و کاشتکاروں میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔انہوںنے بتایاکہ یہ منصوبہ مذکورہ 9اضلاع کیلئے 78کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ پاکستان میں اس وقت کھجور کی سالانہ پیداوار 5لاکھ 67ہزار ٹن سے تجاوز کر چکی ہے جس سے سالانہ 30کروڑ ڈالرز سے زائد کا زر مبادلہ حاصل کیا جا رہا ہے۔انہوںنے بتایاکہ جنوبی پنجاب کے ان اضلاع کو کھجور کی وادی میں تبدیل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوںنے بتایاکہ حکومت کی بہترین انتظامی سہولیات کے باعث برآمدی کھجور کے زر مبادلہ میں 10کروڑ ڈالر کا اضافہ ہو گیا ہے جس میں جلد مزید اضافہ کا بھی امکان ہے۔