عوام کی خدمت کا حق ادا کر دیا، آئندہ الیکشن کے بعد پسماندہ علاقوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے، عمر ایوب خان

بدھ 9 مئی 2018 15:33

عوام کی خدمت کا حق ادا کر دیا، آئندہ الیکشن کے بعد پسماندہ علاقوں کے ..
ْ ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) سابق وزیر مملکت برائے خزانہ عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پہلے بھی عوام کی خدمت کا حق ادا کیا ہے اور آئندہ الیکشن میں کامیابی کے بعد پسماندہ و دور افتادہ علاقوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے، آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی صوبہ اور مرکز میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے نئے جوش اور ولولہ کے ساتھ عوام کی زندگیوں میں انقلاب لائے گی۔

وہ بدھ کو خان پور چھچھ میں عمائدین سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد گوہر ایوب خان نے خان پور سمیت ضلع کے گھر گھر میں بجلی پہنچانے کے بعد ہری پور کے متعدد علاقوںمیں گیس کی سہولت فراہم کی جبکہ ہم نے اپنے دونوں ادوار میں بجلی و گیس کے باقی ماندہ مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ دیگر میگا پراجیکٹس منظور کروا کر انہیں مکمل کروایا۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان نے کہا کہ 2013ء کے ضمنی الیکشن میں مختصر وقت کیلئے رکن قومی اسمبلی بننے کے بعد آٹھ نو ماہ کے مختصر عرصہ میں دیگر بے شمار ترقیاتی کاموں کے علاوہ خان پور سڑک کی تعمیر کا دیرینہ عوامی مطالبہ بھی پورا کیا، پی ٹی آئی کے ٹکٹ کیلئے درخواست دے رکھی ہے، انشاء الله آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی صوبہ اور مرکز میں بھاری اکثریت سے تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے ایک نئے جوش اور ولولہ کے ساتھ عوام کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلی لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خان پور کے لوگ تبدیلی کے اس سفر میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کریں گے، انشاء الله کامیابی کے بعد ضلع ہری پور بالخصوص پہاڑی، پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کا حل ان کی ترجیحات ہوں گی۔