چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کادورہ پشاور ،مینٹل ہسپتال اور سنٹرل جیل میں ناقص انتظامات پر شدیدبرہمی

بدھ 9 مئی 2018 16:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) چیف جسٹس پاکستان مسٹرجسٹس ثاقب نثار کادورہ پشاور ،مینٹل ہسپتال اور سنٹرل جیل میں ناقص انتظامات پر شدیدبرہمی کااظہار ،ایم ایس کی سرزنش کی اور وزیراعلیٰ پرویزخٹک کو سنٹرل جیل طلب کیا چیف جسٹس ثاقب نثار بدھ کے روز ایک مرتبہ پھرپشاورپہنچ گئے دورے کے آغاز پرانہوں نے سنٹرل جیل پشاور کے قریب مینٹل ہسپتال کا دورہ کیا ہسپتال میں ناقص انتظامات پر ایم ایس کی سرزنش کی اور کہاکہ کیاصحت کی سہولیات یوں فراہم کی جاتی ہے آپ لوگ مان لیں کہ صفائی کے انتظامات ناقص ہیں اس موقع پر چیف جسٹس نے ادویات سے نمونے لیکرسٹاف کے حوالے کردئیے اوراحکامات جاری کئے کہ ان کی چیکنگ کی جائے چیف جسٹس نے وزیراعلیٰ پرویزخٹک کو طلب کیا وزیراعلیٰ کی آمدسے قبل چیف جسٹس دماغی امراض کے ہسپتال کے قریب سنٹرل جیل چلے گئے وزیراعلیٰ پرویزخٹک بھی چیف جسٹس سے ملنے کیلئے سیدھے سنٹر ل جیل گئے جیل ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے وزیراعلیٰ کواحکامات جاری کئے کہ دماغی امراض کے مریضوں کے لئے اعلیٰ معیار کا ہسپتال قائم کیاجائے اورموجودہ ہسپتال میں جوسہولیات دی جارہی ہیں وہ ناکافی ہیں بعدازاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کہاکہ وہ خود سات روز کی سزا کاٹ چکے ہیں جیل اور ہسپتال دونوں میں سہولیات کا فقدان ہے جون میں دماغی امراض کیلئے نیاہسپتال قائم ہوجائے گا جس کے بعد تمام مریضوں کو وہاں منتقل کیاجائیگا۔