سیاستدانوں کی حب الوطنی پر شک کرنا افسوسناک ہے، آفتاب شیر پائو

چیئرمین نیب نواز شریف پر منی لانڈنگ کے ذریعے پیسے بھارت بھیجنے کے بیان کی وضاحت کریں، سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس میں حکومت کو مشکل میں ڈال دیا، خود کوئی فیصلہ کر ے تو بہتر ہوگا،میڈیا سے گفتگو

بدھ 9 مئی 2018 19:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کی حب الوطنی پر شک کرنا افسوسناک ، چیئرمین نیب نواز شریف پر 4.9بلین ڈالر منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت بھیجنے کے بیان کی وضاحت کریں،سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس میں حکومت کو مشکل میں ڈال دیا، خود کوئی فیصلہ کر ے تو بہتر ہوگا۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب احمد خان شیر پائو نے کہا کہ سیاست میں خطرات بہت بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی حب الوطنی پر شک کرنا افسوسناک ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب نے پہلے بھی کہا کہ مشرف دور میں 4ہزارپاکستانی امریکہ کے حوالے کئے گئے جس کی بعد میں تردید کی گئی۔

اب نواز شریف پر الزام لگانا کہ انہوں نے بھارت 4.9بلین ڈالر منی لانڈرنگ کر کے بھارت بھجوائے اور بعد میں اس کی تردید کرنا قوم کیساتھ بھونڈا مذاق ہے۔چیئرمین نیب اس کی وضاحت دیں ۔انہوں نے کہا کہ اداروں کو ایسے معاملات میں احتیاط برتنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ نے حکومت کو مشکل میں ڈال دیاہے، بہتر ہوتا اگر سپریم کورٹ اس حوالے سے خود کوئی فیصلہ کرتی ۔