آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن (رجسٹرڈ) کا بلوچستان میں کوئلہ کی کانوں میں حادثہ میں جانی ضیاع پر افسوس کا اظہار

المناک حادثہ کی اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں ،مشترکہ بیان

بدھ 9 مئی 2018 21:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن (رجسٹرڈ) کے مرکزی سیکرٹری جنرل خورشید احمد، ریجنل صدر جاوید اقبال بلوچ، ریجنل سیکرٹری محمد اکرم بُندہ، ظفراللہ خان نیازی، حاجی ظاہر گل، طارق نیازی اور ریجنل سیکرٹری انفارمیشن سجاد حسین ساجد نے بلوچستان میں کوئلہ کی کانوں میں حادثہ کے نتیجے میں تئیس سے زائد کان کنوں کی زندگی کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئلہ کی کانوں میں اس المناک حادثہ کی اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں اور کانوں میں حفاظتی اٴْصولوں پر عمل درآمد میںمجرمانہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے اور ملک کی تمام کانوں میں عالمی معیارات کے مطابق حفاظتی تدابیر کی عملداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اسطرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک مشترکہ بیان میں کنفیڈریشن کے عہدیداروں نے کہا کہ بلوچستان کی کانوں میں آئے روز المناک حادثات ہورہے ہیں جن میںکارکنوں کی قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں جبکہ حکومتی مشینری حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد میں غفلت پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہے ۔ مزدور راہنمائوں نے حکومت سے پٴْرزور مطالبہ کیا کہ وہ کوئلہ کی کانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کے لئے مائینز ایکٹ 1926کے مطابق حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرواکر کارکنوں کی جان وصحت کا تحفظ کریں اس حادثہ میںجاںبحق ہونے والے ہر کارکن کے اہل خانہ کو پچیس لاکھ روپے معاوضہ اور اٴْن کے لواحقین کو قانون کے مطابق پنشن کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

علاوہ ازیں زخمی ہونے والے کان کنوں کے مفت علاج معالجہ اور فوری بحالی کے موثر انتظامات کیے جائیں اور اُن کی معقول مالی مدد کی جائے۔