اسلام آباد، پرائیویٹ ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) ایک مرتبہ پھر غیر فعال

گرمیوں کی چھٹیوں میں نجی سکولوں میں والدین سے فیسوں کی وصولی اور اضافے کا سلسلہ بدستور جاری والدین کا سپریم کورٹ سے معاملے کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ

بدھ 9 مئی 2018 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) وفاقی دارالحکومت میں پرائیویٹ ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) ایک مرتبہ پھر غیر فعال ہو گئی ہے، موسم گرما کی چھٹیوں میں نجی سکولوں میں والدین سے فیسوں کی وصولی اور فیسیں بڑھانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عدالتی احکامات پر فیس نہ لینے کے ہدایات جاری کی چکی ہے، اسلام آباد میں والدین نے سپریم کورٹ سے فیسوں اور چھٹیوں کے دوران فیس لینے کے معاملے پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے، تفصیلات کے مطابق وفاق میں پیرا کے ماتحت پرائیویٹ سکول و کالجز نے اپنی من مانی شروع کر دی ہے، پیرا کے چیئرمین کی توجہ ایڈیشنل چارج ایف ڈی ای پر مرکوز ہے ، گزشتہ ایک سال سے حسنات قریشی پیرا کی بجائے ایف ڈی ای کے معاملات میں دلچسپی لے ر ہے ہیں جس کے باعث پرائیویٹ سکولوں نے اپنی من مانی جاری رکھی ہوئی ہے اور سکولوں میں جنریٹر، بجلی اور مختلف چیزوں کے نام پر فیسوں میں اضافہ کیا جارہا ہے اب گرمی کی چھٹیوں میں والدین سے فیس بٹورنے کا سلسلہ شروع کرنے جارہے ہیں، اس حوالے سے مختلف پرائیویٹ سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے والدین ظفر، بہار علی، منور خان نے بتایا کہ پنجاب اور کے پی کے میں ہائیکورٹ نے فیسوں کے معاملے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے چھٹیوں میں فیسوں کی وصولی روک دی ہے لیکن وفاق میں پیرا کا ادارہ موجود ہونے کے باوجود زیادتی کی جارہی ہے، انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے پرائیویٹ سکولوں کی من مانی ،فیس بڑھانے اور چھٹیوں میں فیس وصول کرنے کے حوالے سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا اس حوالے سے جب آل پاکستان پرائیویٹ سکول اینڈ کالجز ایسوایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ اور کے پی کے ہائیکورٹس نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں دیا کہ چھٹیوں میں فیس نہیں لی جائے گی البتہ یکمشت چھٹیوں میں فیس نہ لینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہم نے ایسے کوئی احکامات جاری نہیں کئے ہیں کہ پرائیویٹ سکول و کالجز فیس چھٹیوں میں فیس وصول نہ کریں، انہوں نے بتایا کہ پیرا کی طرف سے کوئی بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے کہ چھٹیوں میں فیس وصول نہ کی جائے، اس حوالے سے جب پیرا کے چیئرمین و ڈی جی ایف ڈی ای حسنات قریشی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا نمبر بند تھا اور معلوم ہوا کہ ملک سے باہر چلے گئے تھے۔