پنجاب حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کو ہر ماہ کی یکم تاریخ کو تنخواہ جاری کرنے کا اعلان کر دیا

وزارت خزانہ کی جانب سے تمام سرکاری اداروں ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر حال میں سرکاری ملازمین کو یکم تاریخ کو تنخواہ جاری کی جائے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 9 مئی 2018 20:51

پنجاب حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کو ہر ماہ کی یکم تاریخ کو تنخواہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) پنجاب حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کو ہر ماہ کی یکم تاریخ کو تنخواہ جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے تمام سرکاری اداروں ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر حال میں سرکاری ملازمین کو یکم تاریخ کو تنخواہ جاری کی جائے۔تفصیلات کے مطابق ہر ماہ اپنی خدمات کے عوض معاوضے اور تنخواہ کا حصول ہر ملازم کا بنیادی حق ہے۔

یہ معاوضہ اگر ملازمین کو بروقت ادا کر دیا جائے تو انکی زندگ کا پہیہ پتاثر نہیں ہوتا اور انکی زندگی کے تمام معاملات بڑے منظم انداز میں جاری رہتے ہیں جبکہ دوسری جانب اگر اسی تنخواہ میں تاخیر ہوجائے تو تنخواہ دار طبقے کی زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔یہ بات نہ صرف ملازمین کے لیے مالی مشکلات کا باعث بنتی ہے بلکہ ذہنی تناو کی وجہ بھی بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں آبادی کا بڑا حصہ تنخواہ دار طبقے سے تعلق رکھتا ہے ۔گزشتہ ایک لمبے عرصے سے مختلف سرکاری اداروں سے منسلک تنخواہ دار طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو رہا تھا جس کی وجہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر اور عدم ادائیگی بھی تھی ۔تا ہم اس حوالے سے سرکاری ملازمین کی سنی گئی اور سپریم کورٹ نے اس کا از خود نوٹس لے لیا۔کچھ روز قبل چیف جسٹس نے اس کیس کی سماعت کی اور شاندار اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ملک بھر کےسرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کرکےسرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرائے جائیں اس کے بعد ہی اپنی تنخواہ لوں گا۔

اس حوالے سے متعلقہ حکام کو یہ حکم بھی دیا گیا کہ وہ ملازمین کو بروقت تنخواہ ادا کرنے کو یقینی بنائیں۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے پنجاب حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے تمام سرکاری ملازمین کو ہر ماہ کی یکم تاریخ کو تنخواہ جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے تمام سرکاری اداروں ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر حال میں سرکاری ملازمین کو یکم تاریخ کو تنخواہ جاری کی جائے۔

جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ آج کی سماعت میں سپریم کورٹ نے متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی کا سرٹیفکیٹ ہر ماہ کی پانچ تاریخ کو عدالت میں پیش کیا جائے۔